نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کی بندش، چیئرمین نیب نے تحقیقات کا حکم دیدیا

معاملے میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران اور ہوٹل کو منافع بخش بنانے کیلئے کام نہ کرنے والوں کا بھی تعین کیا جائے،جسٹس (ر) جاوید اقبال

اسلام آباد (ویب ڈیسک )نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کی بندش پر چیئرمین قومی نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ہوٹل کی بندش کے معاملے پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو ہدایات دیں کہ پاکستان کو مبینہ لاکھوں ڈالرز نقصان کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور پتہ لگایا جائے کہ ہوٹل کو بند کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی، معاملے میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران اور ہوٹل کو منافع بخش بنانے کیلئے کام نہ کرنے والوں کا بھی تعین کیا جائے۔ واضح رہے کہ 1924سے قائم روزویلٹ ہوٹل کا شمارامریکہ کے تاریخی ہوٹلوں میں ہوتا ہے اور یہ ہوٹل امریکہ اور دنیا کے مہنگے ترین علاقے مین ہٹن نیویارک میں واقع ہے۔