ریاض (صباح نیوز)

سعودی دارالحکومت میں ایک زیر تعمیر منصوبے کے لیے بچھائی جانے والی پائپ لائن میں 6 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعود ی عرب کے ر یاض ریجن میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ محمد الحمادی نے کہا ہے کہ واقعہ ریاض کے جنوب میں واقع العزیزیہ محلے میں ہوا ہے۔ ان کے بقول محکمہ شہری دفاع کو اطلاع ملی تھی کہ زیر زمین بچھائی جانے والی پائپ لائن میں کام کر نے والے 6 کارکنوں سے رابطہ نہیں ہو رہا،اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئیں تو معلوم ہوا کہ زیر تعمیر منصوبے کو پانی فراہم کرنے کے لیے 400 میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جس کا قطر ایک میٹر ہے۔منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کے 6کارکن ٹیوپ میں کام کر رہے تھے کہ کچھ دیر کے بعد ان سے رابطہ ختم ہوگیا،کافی دیر تک رابطہ نہ ہونے پر شہری دفاع کی امدادی ٹیم کو اطلاع دی گئی۔ترجمان نے بتایا ہے کہ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے پائپ لائن کے اندر انہیں تلاش کرنا شروع کیا تو معلوم ہوا کہ 360 میٹر دور وہ 6 مزدور بے ہوشی حالت میں گرے پڑے ہیں، انہیں باہر نکال کر ہوش میں لانے کی کوشش کی گئی مگر اس وقت تک وہ انتقال کرچکے تھے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے، وفات کے اسباب اور کارکن کی سلامتی کے لیے اختیار کیے جانے والے ضابطوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔