کراچی (ویب ڈیسک)

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کیلیے70 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی اور متاثرہ لوگوں کے مویشیوں کے لیے خوراک، مچھردانیاں، خیموں اور چارے کی تقسیم کی مناسب فراہمی کے لیے ہدایت جاری کردی ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے امدادی رقم کی منظوری صوبے میں بارش سے متاثرہ تمام اضلاع میں امدادی کاموں کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، وزیر اعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ انھوں نے بلاول بھٹوکے ہمراہ بارش سے متاثرہ اضلاع ، کراچی ، میر پورخاص ، عمرکوٹ ، تھرپارکر ، سانگھڑ اور بدین کا دورہ بھی کیا اور دیکھا کہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ دیہی علاقوں کے لوگ اپنے مویشیوں کیلیے چارے اور مچھردانیوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکریٹری خزانہ حسن نقوی کو فوری طور پر 70 کروڑ روپے جاری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور پی ڈی ایم اے کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ وہ بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے فنڈز کا بندوبست کرنے اور جلد سے جلد ان کی بحالی کے منصوبے پر عمل پیرا چاہتے ہیں۔