کراچی(صباح نیوز)
سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 663 ٹیسٹ کئے گئے ، 66 مثبت ظاہر ہوئے ہیں جبکہ چارافراد زندگی کی بازی ہار گئے، اموات کی شرح 2.3 فیصد ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلی ہائوس سے جاری ایک وڈیو پیغام میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ  ٹیسٹوں کی تعداد 14503 ہوگئی ہے جبکہ مثبت کیسز کی تعداد 1518 ہوگئی۔   مزیدچار اموات کے ساتھ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے اس طرح شرح اموات 2.3 فیصد ہوگئی ہے۔  671 مریض اپنے گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں، 58 آئیسولیشن مراکز اور 327 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ 1056 مریض زیرعلاج ہیں۔  سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کیسز سے متعلق ضلع وار آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ 176 حیدرآباد، 2 جامشورو، ایک بدین، 12 ٹنڈو محمد خان، 2 سجاول، ایک دادو، 8 شہید بینظیر آباد، 2 سانگھڑ، 4 نوشہروفیروز، 274 زائرین سکھر، 14 خیرپور، 2 گھوٹکی، 16 لاڑکانہ، ایک جیکب آباد، 328 کراچی شرقی، 90 کراچی غربی، 229 کراچی جنوبی، 180 کراچی وسطی، 79 ملیر اور 97 کورنگی میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 1518 کسیز میں سے 1003 کراچی میں ہیں جو تشویشناک بات ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کسیز کے باعث گھروں میں بھی رضاکارانہ معاشرتی دوری جیسی سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، بصورت دیگر کچی آبادی کے علاقوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹنگ مہم کچی آبادیوں میں بھی جاری رہے گی۔تبلیغ جماعت کے لوگوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے  سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے اور ان کے کورونا ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام کا مشکور ہوں جو اس صورتحال میں حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹ گئے، اب تک 427 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جو کل مریضوں کا 29 فیصد ہے۔عمر کا تناسب بتاتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 73 مریض 1 سے 10 سال کے درمیان، 125 مریض11 سے 20 سال کے درمیان، 336 مریض21 سے 30 سال کے درمیان ، 278 مریض 31 سے 40سال، 214 مریض سے 50 کے درمیان، 239 مریض 51 سے 60 کے درمیان، 165 مریض 61 سے 70 سال کے درمیان، 50 مریض 71 سے 80 سال اور 7 مریض 81 سے 90 سال کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنف کے لحاظ سے تعداد سے پتہ چلتا ہے کہ 78.2 فیصد مریض مرد اور 31.8 فیصد خواتین ہیں۔وزیراعلی سندھ نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بزرگوں سے کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے احتیاط کریں اورخود کو بھی دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنے گھر واپس آتے ہیں تو اپنا لباس تبدیل کریں، اپنے آپ کوصاف ستھرا بنائیں اور اپنے بڑوں سے سماجی دوری اختیار کریں کیونکہ ان میں انفیکشن ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے تمام مکتبہ فکر سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پی پر عمل کریں۔ ان پابندیوں کو آپ کی صحت کی ضامن سمجھا جاسکتا ہے، لہذا آپ کا تعاون آپ کی اور آپ کے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔