سوات کی 26یونین کونسلوں میں سمارٹ لاک ڈائون
کورونا کے بڑھتے کیسوں کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیئے

سوات (ویب  نیوز)سوات میں کورونا کے بڑھتے کیسوں کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیئے، 7 تحصیلوں کی 26یونین کونسلوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگادیاگیا، ڈی سی سوات کی ہدایت پر تحصیل بابوزئی، تحصیل بریکوٹ ، تحصیل کبل ، تحصیل چارباغ ، تحصیل خوازہ خیلہ، تحصیل مٹہ اور تحصیل بحرین کے مجموعی طورپر 26 یونین کونسلوں تحصیل بابوزٔ میں یوسی امانکوٹ / فیض آباد ، بنڑ ، گل کدہ ، کوکارٔ ، لنڈیکس / مالکانان ، اوڈیگرام ، قمبر ، رنگ محلہ ، سیدو شریف ، شاہدرہ / نویکلے،تحصیل بحرین کے یو سی مدین ، تحصیل بریکوٹ کے یو سیز بریکوٹ ، غالیگے ، کوٹہ ، تحصیل چار باغ کے یو سیز چار باغ ، تحصیل کبل کے یونین کونسلوں براباخیل ، برہ بانڈٔ ، دیولئی ، ہزارہ ، کالا کلے ، کانجو ، کوز ابا خیل،تحصیل خوازہ خیلہ یو سی خوازہ خیلہ اور تحصیل مٹہ کے یونین کونسلوں بیدرہ ، درشخیلہ اور خریڑٔ شامل ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق ان علاقوں میں لوگ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے کیونکہ اس لاک ڈائون کا مقصد کورونا وباء کو دوسرے علاقوں تک پھیلنے سے روکنا ہے ۔ سمارٹ لاک ڈائون کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں 391 ایکٹیو کیس موجود ہیں جن سے دیگر علاقوں کی لوگوںکو محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر کے طورپر ان متاثرہ علاقوں کی لوگوںکی سرگرمیوںکو محدود کرنے کیلئے یہ اقدام اُٹھایا گیا ، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے متاثرہ علاقوں کے علاوہ سوات کے دیگر علاقوں کی لوگوںکو بھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہئے بصورت دیگر موذی وباء کی زد میں آکر وہ بھی مشکلات کا شکار ہوسکتے ہیں، متاثرہ علاقوں کی لوگوں کو مقامی انتظامیہ کے علاوہ مساجد میں لائوڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کرکے آگاہ کردیا گیا ۔
سوات کی تحصیل بحرین میں شام چھ بجے سے صبح تک لاک ڈائون کا اعلان کردیا گیا،میڈیکل سٹور،تندور،اور پیٹرول پمپ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، بغیر ماسک کے کاروبار کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے، گزشتہ روزایس ایچ او بحرین اسلام الحق اور ٹریڈ فیڈریشن بحرین کے صدر خانزادہ نے بحرین کے مختلف بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بازار شام چھ بجے سے بند ہونگے سوائے پیٹرول پمپ،تندوراور میڈیکل سٹورز کے اس کے علاوہ بغیر ماسک کے گھومنے پھرنے والو ں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔