کراچی (ویب ڈیسک)

سٹیٹ بینک نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان 19 مارچ کو کرے گا، اس وقت شرح سود 7 فیصد ہے۔ پالیسی ریٹ کے تعین کے لیے بورڈ آف گورننس کا اجلاس بلایا جائے گا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران پالیسی ریٹ پر بحث کریں گے تاہم پالیسی ریٹ کا حتمی فیصلہ گورنر اسٹیٹ بینک کریں گے۔ شرح سود کے تعین کے بعد باقاعدہ پریس کانفرنس میں ریٹ کا اعلان کیا جائے گا۔ مانیٹری پالیسی کا اعلان ہر دو ماہ بعد کیا جاتا ہے۔پاکستان میں گزشتہ 9 ماہ سے شرح سود7 پر برقرار ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے جب حکومت سنبھالی تو شرح سود 6.5 فیصد پر تھی جو بتدریج اضافے سے 13.25 تک پہنچ گیا تھا۔ جنوری 2020 میں شرح سود13.2فیصد تھی۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے 17 مارچ کے اجلاس میں پالیسی ریٹ میں 75 بیسس پوائنٹس کی کمی کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد شرح سود 13.25 فیصد سے 12.50 فیصد تک کم ہوئی۔

ایک ہفتہ کے بعد 24 مارچ 2020 کو ایم پی سی کا ہنگامی اجلاس پھر منعقد ہوا تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے اقتصادی اثرات کا ازسر نو جائزہ لیا جا سکے۔ اجلاس میں شرح سود میں مزید 1.50 فیصد کی کمی کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد شرح سود 11 فیصد تک کم ہو گئی۔بعد ازاں 16 اپریل 2020 کو ایم پی سی کے اجلاس میں بیسس پوائنٹس میں مزید 200 کی کمی کی گئی جس سے شرح سود 9 فیصد تک کم ہو گئی۔ اسٹیٹ بینک نے15مئی کو مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں مزید 100بیسز پوائنٹس کم کیے یعنی ایک فیصد کمی کرکے 8فیصد کردی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے25 جون کو نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا گیا جس میں مزید100 بیسز پوائنٹس کی کمی گئی اور شرح سود کم ہو کر7 فیصد تک آگئی.