سینیٹ الیکشن،رئوف صدیقی کی اپیل مسترد ،نااہلی برقرار
عدالت نے الیکشن ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا
سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کا کوئی رکن نہیں بکے گا اور نہ بکا ہے،رئوف صدیقی

کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیوایم رہنما رئوف صدیقی کی الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کردی اور ناہلی برقرار رکھی ۔الیکشن ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے رئوف صدیقی کی جانب سے داخل کیے گئے کاغذات نامزدگی کو مستردکردیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر کا اعتراض تھا کہ رئوف صدیقی کی تعلیم 16 برس کی نہیں جبکہ رئوف صدیقی نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم ہائیکورٹ نے بھی الیکشن ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے رئوف صدیقی کی درخواست مسترد کردی۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رف صدیقی نے کہا کہ میرا الیکشن تو گیا بھاڑ میں،  تمام شرائط پر پورا اتر رہا ہوں مگر صرف دو سال کا مسئلہ ہے،جن لوگوں نے دو سالہ ڈگری کی ہے اسے ریگولرائزڈ کرانا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ ناٹ فار سیل رہی ہے، سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کا کوئی رکن نہیں بکے گا اور نہ بکا ہے۔