کوہاٹ (ویب ڈیسک)

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سینیٹ میں حکومت کا مقابلہ کر رہے ہیں، سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ ہونا ہے، لانگ مارچ کیلئے تیاری پکڑو، ملک کے کونے کونے سے جمہوری کارکن نکلیں گے، ہم اس کٹھ پتلی وزیراعظم کو گھربھیج دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ کے عوام کے مسائل حل کریں گے، عوام کو نالائق اور نااہل حکمران سے چھٹکارا دلائیں گے، پیپلزپارٹی نے 73 کے آئین کو 18 ویں ترمیم کی صورت میں بحال کیا، سلیکٹڈ حکمران عوام کے حقوق سلب کرنے کے درپے ہے، 18ترمیم واپس اور صوبائی خود مختاری چھیننا چاہتے ہیں، پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے سی پیک کی بنیاد رکھی، نالائق حکومت سی پیک کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، نالائق حکومت نے سی پیک کو سست روی کا شکار کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں ملک بھر میں روزگار فراہم کیا گیا، بزرگ پنشنرز کی پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ کیا، دھاندلی زدہ اور سلیکٹڈ حکومت نے پاکستان میں معاشی بحران پیدا کیا، موجودہ حکومت نے پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی حکومت میں صلاحیت نہیں کہ حکومت چلاسکے، پاکستان میں آج مہنگائی افغانستان اور بنگلادیش سے بھی زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو شکست دی، پی ڈی ایم سینیٹ میں بھی حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہے، عوام کے ساتھ ملکر عوامی حکومت بنائیں گے جو غریب کا خیال رکھے، سب کیلئے ایک قانون ہوگا تو پھر کرپشن ختم ہوسکتی ہے۔