سینیٹ میں گوگل وکی پیڈیا کی گمراہ کن معلومات کے خلاف قرارداد منظور

محرک سینیٹر سراج الحق ہیں

اسلام آباد(ویب  نیوز)جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی اہم معاملات پر دو قراردادیں سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کر لیں۔پہلی قرارداد گوگل اور وکی پیڈیا کے سرچ انجنوں پر دی گئی گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی معلومات سے متعلق ہے ۔اس قرارداد مذمت میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گوگل اور وکی پیڈیا کے سرچ انجنوں پر بے حرمتی ،غلط بیانی اور دھوکہ دہی پر مبنی معلومات کے پھیلائو ،جس کے ذریعے مرزا مسرور کواسلام کے موجودہ خلیفہ کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے،کی شدید مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان پاکستان میں بین الاقوامی سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس اور سرچ انجنوں پر غیرمسلموں کی جانب سے مذہبی حوالے سے غلط بیانی پر مبنی اقدامات اور توہین آمیز مواد کا جائزہ لینے کے سلسلے میں حکومت کی سوشل میڈیا سے متعلق عدم توجہ کی حکمت عملی پر خدشات کا اظہار کرتا ہے۔یہ ایوان گوگل ،وکی پیڈیا اور پاکستان میں آپریٹ کرنے والے سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس پر اسلامو فوبیا،ختم نبوت ۖ اور نظریہ پاکستان سے متعلق بے حرمتی کے مواد کو نشر کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کراتا ہے ۔یہ ایوان حکومت کی طرف سے گوگل، وکی پیڈیااور پاکستان میں اپریٹ کرنے والے سوشل میڈیا یا نیٹ ورکس پر مشتہر کیے جانے والے مواد ،جس کی مدد سے اسلام ،اسلامی عقائد،اصولوں،روایات،قرآن پاک،ختم نبوتۖ،نظریہ پاکستان اور پاکستان کے سماجی وثقافتی روایات کے حوالے سے توہین آمیز ،دھوکہ دہی اور غلط بیانی پر مبنی مواد کو پھیلایا جاتا ہے ،کی روک تھام یا بلاک کرنے کے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کا پرزور مطالبہ کرتا ہے۔دوسری قراردادجس کو سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کیا ہے جوکہ ضلع لوئر دیرمیں خرکئی اور شاہی بن شاہی کے مقامات پر لوگوں کی آمدورفت کے لیے صدیوں سے پاکستان۔افغانستان بارڈرپر کراسنگ پوائنٹ کو بند کرنے سے متعلق ہے ۔قرارداد کا متن درج ذیل ہے قراردادکے مطابق  مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت پاک۔افغان سرحد پر ضلع لوئر دیرمیں خرکئی اور شاہی بن شاہی کے مقامات پرعوام الناس کے لیے بارڈر کراسنگ پوائنٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔