میرعلی میں دہشتگردوں نے این جی او میں کام کرنے والی خواتین کی گاڑی پر فائرنگ کردی،ڈرائیورزخمی
تحصیل شیواہ میں گاڑی پر فائرنگ کی گئی ، ایک شخص دم توڑ گیا،نامعلوم افراد نے سوار آٹھ افراد کو اغوا کرلیا

میران شاہ (ویب ڈیسک)

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دو مختلف واقعات میں گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں این جی او میں کام کرنے والی چار خواتین سمیت5افراد جاں بحق اور ایک ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ نامعلوم افراد نے ایک گاڑی میں سوار8 افراد کو اغوا کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں دہشت گردوں کی جانب سے ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں ایک این جی او میں کام کرنے والی چار خواتین جاں بحق جبکہ گاڑی کا ڈرائیورزخمی ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والی خواتین کی نعشوں اور زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والی خواتین بنوں کی رہائشی تھیں اور بنوں ہی سے وہ میر علی آرہی تھیں کہ دہشت گردوں نے گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں چاروں خواتین موقع پر جاں بحق ہو گئیں جبکہ گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ چاروں جاں بحق ہونے والی خواتین کی نعشوں اور زخمی ڈرائیور ہو میر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔جبکہ ڈی پی او ضلع شمالی وزیرستان نے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے اور انہوں نے دہشت گردوں کا کھوج لگانے کے لئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔جبکہ شمالی وزیرستان میں ہی فائرنگ اور اغواء کا واقعہ پیش آیا ہے۔ادھرشمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے علاقہ ٹنڈی میں ایک اور واقعہ میں گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔ جبکہ فائرنگ کے بعد نامعلوم افراد نے گاڑی میں سوار آٹھ افراد کو اغوا کرلیا ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن شمالی وزیرستان کے مطابق پولیس تحقیقات کررہی ہے اور مغویوں کی بازیابی کے لئے پولیس اور ایف سی اہلکاروں کا مشترکہ سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔