صادق سنجرانی کو جمہوری انداز میں چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد

لاہور (ویب  نیوز)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری صادق سنجرانی کو جمہوری انداز میں چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال کرنے کے علاوہ جمہوریت کے استحکام، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو تقویت ملے گی۔ سارک چیمبر کے صدر افتخار علی ملک، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور راجہ محمد انور، محمد نواز، عدیل صدیقی اور محمد آصف یوسف جیوا نے اتور کو اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان کو درپیش متعدد چیلنجوں سے نمٹنے اور مستقل معاشی نمو کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے تناظر میں وقت کے اس اہم موڑ پر پاکستان کسی سیاسی عدم استحکام اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ اب وہ اپنی پارٹی کے منشور اور اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دیں اور عوام کی امنگوں پر پورا اتریںجن کے ووٹوں سے وہ اقتدار میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو پرامن ماحول، کاروبار دوست اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے انصاف پر مبنی و قابل فہم معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ اب وقت بدل چکا ہے بااثر ممالک اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے مالیاتی جنگ پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ یہ ممالک معاشی تباہی کے ہتھیار کو استعمال کرکے غریب ممالک کی معیشیت کو اپنے ناپاک عزائم کے حصول کے لئے استعمال کررہے ہیں جبکہ پاکستان کی معیشت اتنی مضبوط نہیں ہے کہ وہ اس معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکے۔ راجہ محمد انور نے کہا کہ پاکستان زبردست صلاحیت سے مالا مال ہے، ہمیں صرف حکومتی پالیسیوں میں مستقل مزاجی اور آگے بڑھنے کے لئے واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے اور یہ مستحکم سیاسی حکومت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ محمد نواز نے کہا کہ حکومت کو ایم ایس ایم ایز کو بہت زیادہ اہمیت دینی چاہئے کیونکہ یہ دنیا بھر میں ترقی اور معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ عدیل صدیقی نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو تیز تر کرنے کے لئے بہترین اقتصادی مراعاتی پیکیج انتہائی ضروری ہے اور ملک بھر کی تاجر برادری کو تحریک انصاف کی اعلی قیادت قیادت سے اس حوالے سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ محمد عارف یوسف جیوا نے کہا کہ ملکی استحکام کا انحصار مستحکم معیشت پر ہے لہذا اب پی ٹی آئی حکومت غیر متنازعہ تاجر رہنماو ¿ں کو اعتماد میں لے کر انہیں پالیسی سازی کے عمل میں شریک کرے کیونکہ اس کے بغیر ہم اپنے ہمسایہ ممالک اور دنیا کا کبھی مقابلہ نہیں کرسکتے۔