ڈبلیو ایچ او کی ایشین چیپٹر کی صدر ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا کی پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر سے ملاقات

پاکستانی ماہرین کورونا کی ویکسین مقامی طور پر تیار کریں جو یقینا کم خرچ اور آسانی سے استعمال میں لائی جا سکے گی:گفتگو

کورونا کے 40 ہزار مفت پی سی آر ٹیسٹ ہوچکے، لیب کے شعبے میں بھی جدت لائی گئی ہے :ڈاکٹر غزالہ روبی ، کی بریفنگ

لاہور (ویب ڈیسک)

عالمی ادارہ صحت کے7رکنی وفد نے ساؤتھ ایشین چیپٹر کے صدر ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا کی قیادت میں لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر سے ملاقات اور جنرل ہسپتال کیلئے فراہم کی جانے والی کورونا پر تحقیق کی جدید مشین "کوائنٹ سٹوڈیو5رئیل ٹائم پی سی آر سسٹم”کا افتتاح کیا جو لاکھوں روپے لاگت کی بیش قیمت مشین ہے۔  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے وفد کے سربراہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت جنرل ہسپتال کی ریسرچ لیب کی اپ گریڈیشن اور تحقیق کے نئے منصوبوں پر مکمل تعاون کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی تشخیص میں جنرل ہسپتال نے منفرد مقام حاصل کیا ہے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ماہرین اپنے معروضی حالات ، لوگوں کی صحت و قوت مدافعت کو سامنے رکھتے ہوئے کورونا پر ریسرچ کر کے خود ویکسین تیار کریں جو یقیناً کم خرچ اور آسانی سے استعمال میں لائی جا سکے گی اور اپنے اثرات کے لحاظ سے موثر ثابت ہو گی۔ اس ضمن میں ڈبلیو ایچ او ہر ممکن رہنمائی  کرے گا ۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کورونا پر قابو پانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اطمینان بخش ہیں ۔انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جدید آلات سے لیس مشین کورونا پر تحقیقی کام کو مزید آگے بڑھانے و دیگر امراض کی تشخیص میں مدد دے گی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جنرل ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہوگا ۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس ادارے کو اپنی خدمات کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہے جبکہ لیب کے شعبے میں بھی جدت لائی گئی ہے ۔ڈائریکٹر ریسرچ لیب ڈاکٹر غزالہ روبی نے بریفنگ دیتے ہوئے وفد کے ارکان کو بتایا کہ جنرل ہسپتال میں کورونا کے اب تک40ہزار مفت پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ کورونا کے انسانی جسم پر اثرات کے حوالے سے نئے تحقیقی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں جدید مشینری کا استعمال برؤئے کار لایا جا رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے7رکنی وفد نے جنرل ہسپتال کی لیبارٹری سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں دی جانے والی سہولتوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر جعفر شاہ ، ڈاکٹر عبدالعزیز ،ڈاکٹر کومل سکندر اور دیگر سینئر ڈاکٹرصاحبان بھی موجود تھے۔