قربان علی کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کے وفد کی ترکی کے سفیر سے ملاقات
خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان میں سیاحت، مائنز اینڈمنرل کے شعبوں میں ترکی کے تجربہ سے بھرپور استعفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے‘ قربان علی
وقت آ گیا ہے کہ ان اچھے تعلقات کو قریبی تجارتی و اقتصادی تعلقات میں تبدیل کیا جائے‘ ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرادکل کی وفد کو دورہ ترکی کی بھی دعوت
اسلام آباد(ویب نیوز )قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے ایک وفد کی پاکستان میں متعین ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل سے ملاقات۔پاکستان اور ترکی کے مابین باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال۔خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ٹورازم، مائننگ کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر اتفاق۔ترکی کے سفیر کا ایف پی سی سی آئی کے وفد کو دورۂ ترکی کی دعوت۔چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قربان علی کی سربراہی میں جانے والے وفد میں سابق صدر گلگت سمال چیمبر شفقت علی سمیت گجرانوالہ چیمبر سے محمد نوازودیگرشامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی نے پاکستان اور ترکی کے مابین باہمی تجارت اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترقی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان اور ترقی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تیل، گیس، معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعے ہیں۔اس کے علاوہ سیاحت کے شعبے میں ترقی کیلئے ترکی کے سیاحتی شعبہ کے تجربہ سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے نصف پاکستان میں ہیں اور موجودہ حکومت بھی سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔قربان علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پراسسنگ، زراعت، ڈیری ڈویلپمنٹ، فرنیچر، ہوٹل انڈسٹری اور سیاحی مقامات کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں ترکی کے سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں لہذا ترکی کے سرمایہ کار وں کوان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان میں ٹورازم اور مائننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ترکی کی جدید ٹیکنالوجی پاکستان کے تاجروں کیلئے سود مند ثابت ہوگی۔ اس موقع پر گجرانوالہ چیمبرکے محمد نواز نے ترک سفیر کو اپنے ہاتھ سے بنائی پورٹریٹ پیش کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے خیالات ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں اور دنیا میں دونوں ممالک کی دوستی کو مثالی سمجھا جاتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی بہت زیادہ گنجائش بھی موجود ہے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات میں استحکام اور اضافہ میں فیڈریشن چیمبر اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل نے مزید کہا کہ ترکی کے کاروباری حضرات پاکستان کا دورہ کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں تا کہ وہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان اچھے تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تجارتی و اقتصادی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔ کرونا کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ترکی کا ایک بڑا تجارتی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ترک سفیر نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کو ترکی کے دورہ کی بھی دعوت دی۔