لانگ مارچ ، جلسوں سے حکومت نہیں جائیگی،شاہ محمود قریشی
31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کا ہوا
وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟ا، وزیر خارجہ کابیان

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لانگ مارچ اور جلسوں سے حکومت نہیں جائیگی ،31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا۔اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج،لانگ مارچ اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی،31دسمبر کو ان کے استعفے آنے تھے؟ 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا،وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟میں پی ڈی ایم کو آج کہہ ر ہاہوں کہ وزیر اعظم 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے،پی ڈی ایم والے 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرلیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے،سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی،دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکہ دے رہی ہے،اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے،اس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہے اور اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے،چنانچہ اپوزیشن نے حکومت کو دبائو میں لانے کیلئے جو بیانیہ تشکیل دیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے،وزیر اعظم عمران خان کا بیان، میرا بیان اور وزارت خارجہ کی اسٹیٹمنٹس ریکارڈ پر موجود ہیں،مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے،ن لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لیکر اسرائیل گئے؟،اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،سعودی عرب نے نیامے ڈیکلریشن میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا،خبر سامنے آ رہی ہے کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے جس میں سعودی وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی،ہمارے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی اندرونی ناگفتہ بہ صورت حال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے،ہندوستان، دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے،ہندوستان، پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے،”ای – یو، ڈس انفولیب”نے بھارت کے گھنائونے عزائم کو مزید بے نقاب کر دیا ۔