لاپتہ افراد کمیشن نے جنوری میں 18لاپتہ افراد ٹریس کرلئے

اسلام آباد ( ویب   نیوز) پاکستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن نے نئے سال 2021کے پہلے ماہ میں 24لاپتہ افراد کے مقدمات نمٹائے ہیں جن میں سے ایک لاپتہ شہری کا مقدمہ اسکی لاش ملنے پر نمٹایاگیا ہے ۔ تازہ دستاویزات کے مطابق  13مارچ 2011کو قائم ہونے والے کمیشن نے تقریبا دس سال میں دائر ہونے والے کل6944مقدمات میں سے 4822 لاپتہ افراد کے مقدمات نمٹائے ہیں  اور اس وقت کمیشن کے پاس 2122مقدمات زیرسماعت ہیں۔ کمیشن  کوجنوری میں 23نئے لاپتہ افراد کے لواحقین نے درخواستیں دی ہیں۔ جنوری میں نمٹائے گئے 24مقدمات میں سے 18لاپتہ افرادکو ٹریس کیاگیاجن میں سے 12 خودگھروں کو لوٹ آئے ، ایک حراستی مرکزجبکہ دوافراد کی جیلوں میں موجودگی جبکہ دیرپائن کے ایک لاپتہ شہری نصیب راون کی لاش ملنے کاانکشاف ہوا ہے جس کے بعد اب تک ملنے والی لاشوں کی تعداد221ہوگئی ہے ۔ دستاویزات کے مطابق چھ مقدمات ایسے ہیں جو لاپتہ افراد کے ذمرے میں نہیں آتے تھے اس لئے نمٹا دیئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اس کمیشن کے چیئر مین ہیں  جبکہ جسٹس (ر)ڈاکٹرغوث محمد اور سابق آئی جی محمد شریف ارکان میں شامل ہیں جو اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں جا کر درخواستوں کی سماعت کرتے ہیں ۔