اسلام آباد (ویب ڈیسک)

متروکہ وقف املاک بورڈ راولپنڈی کی 50 کروڑ سے زائد مالیت کی 70 مرلے زمین واگزار کرالی گئی ۔  وزارتِ مذہبی امور سے جاری بیان کے مطابق پرانے الاٹی  اس پراپرٹی کا  میونسپل کارپوریشن سے نقشہ پاس کرانے میں ناکام رہے۔ اپیلیں مسترد ہونے کے بعد ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ نے  پولیس کی مدد سے 5 گھنٹوں کی مسلسل کارروائی کے بعد قبضہ واگزار کروا لیا۔ مذکورہ پراپرٹی کو متروکہ وقف املاک کے قانون کے برعکس ریت، بجری اور سیمنٹ والوں کو آگے کرایہ پر دیا ہوا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ وفاقی سیکرٹری کی واضح ہدایات کی روشنی میں غیر قانونی قابضین اور جائداد کوخلاف ضابطہ  استعمال کرنے والوں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی اور زیر التوا کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے گا۔ اس عمل سے نہ صرف قانون کا بول بالا ہو گا بلکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔