مر یم نوازکی ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست نہیں آئی،شیخ رشید

  آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے ساتھ وہ کام کیا جو کام ضیا الحق نہیں کرسکے تھے،پریس کانفرنس

اسلام آباد (ویب  نیوز)وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ مر یم نوازکی ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے کوئی درخواست نہیں آئی، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن اب خود ہی ایک دوسرے کو نوٹس دے رہی ہے۔اسلام آباد میں ڈبلیو ایچ او پاکستان چیپٹر کے ہیڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز شریف کو اللہ پاک صحت دے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم ٹھس اور ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے، اپوزیشن اب خود ہی ایک دوسرے کو نوٹس دے رہی ہے، انہوں نے ضمنی الیکشن اور سینیٹ دونوں میں حصہ لیا، نہ آر ہوا نہ پار ان کا کام تمام ہوا، پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ اپنی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی لارہے ہیں، اس تبدیلی کے باعث سارا فائدہ وزیر اعظم عمران خان کو ہوگا۔، آصف زرداری نے ان کو کھیلایا ہے، آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے ساتھ وہ کام کیا جو کام ضیا الحق نہیں کرسکے تھے۔انہوں نے کہاکہ مریم نوازکی ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے کوئی درخواست نہیں آئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے، جب عمران خان نے کوئی لچک نہیں دکھائی تو وزارت ان کو جانے کی اجازت نہیں دے گی ۔تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان ناموس رسالت ۖ کے معاملے پر معاہدے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے، ان سے ہمارا معاہدہ ہے ناموس رسالت ۖ کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ میں کشمیر کو شاہ رگ سے قریب سمجھتا ہوں، سورج مغرب سے نکل سکتا ہے لیکن جب تک بھارت 370 واپس نہیں لیتا اس کے ساتھ تجارت نہیں ہوسکتی، مسئلہ کشمیر پاکستان کی سیاست کا محور ہے، اگر مسئلہ کشمیر پر مذاکرات نہیں ہوتے تو بھارت سے بات نہیں ہوسکتی، کوئی رابطہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ اگر پاک بھارت سرحد پر تعینات جرنلز مل کر فیصلہ کرتے ہیں کہ کوئی کسی بھی گولہ باری نہیں کرے گا تو یہ اچھی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہتراندازمیں کوروناکی دولہروں کامقابلہ کیا، اس وقت کورونا کی تیسری لہر نے ملک کو لپیٹ میں لے لیااور کیسز میں اسلام آباد سب سے آگے ہے، عوام سے درخواست ہے کہ ماسک کا استعمال کریں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ اس وقت اہم ایشومہنگائی ہے، وزیراعظم نے کہاہے کہ رمضان میں بنیادی اشیاکی قیمتوں کوخودمانیٹرکریں گے،اس کا مطلب ہے کہ سارے چور اندر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم عمران خان اشیا ضروریہ کی قیمتوں کے معاملات دیکھیں گے تو کسی مافیا کی ہمت نہیں ہوگی کہ وہ رمضان المبارک میں عوام کا خون چوسے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔

#/S