اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے رپورٹس سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے قابل اطمینان حل تک پاکستان، اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے بارے وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیا گیا اور وزیراعظم کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے امریکی دباؤ ہے۔

ترجمان نے ایسی تمام خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے سختی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن سے جڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیانات معاملے پر پاکستانی موقف کی واضح تصدیق ہیں۔ وزیراعظم کے بیان کے بعد کسی بے بنیاد قیاس آرائی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا رہے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔ ایسی فلسطینی ریاست جو 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے تحت ہو، ایسی فلسطینی ریاست چاہتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔