اسلام آباد (ویب ڈیسک)

بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں تین نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کے اعتراف پر پاکستان نے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی افواج نے18جولائی کو 3نوجوانوں کو شوپیاں سرچ آپریشن میں شہید کیا۔ تینوں نوجوان راجوڑی سے سیبوں کے باغات میں مزدوری کے لئے آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے تینوں مزدوروں کو دہشت گرد قرار دے کر ماورائے عدالت قتل کیا، ۔18 ستمبر کو بھارتی فوج نے تسلیم کیا کہ تینوں معصوم کشمیری ماورائے عدالت قتل ہوئے، کشمیری نوجوانوں کے قتل کے معاملے کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے اپنے بیان میں آرمڈ فورسزسپیشل پاورایکٹ کے غلط استعمال کو تسلیم کیا، عالمی برادری 18 جولائی کے واقعے کا نوٹس لے، کشمیری عوام کیخلاف جرائم میں بی جے پی قیادت براہ راست ذمہ دار ہے، گزشتہ ایک سال میں 300 سے زائد نہتے کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔

دوسری طرف پاکستان نے سزائے موت کے منتظربھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکی وکالت کے لئے بھارت کی طرف سے برطانوی شاہی وکیل کو پیش کرنے کی اجازت دینے کے امکان کویکسرمسترد کر دیا ہے ۔

دفترخارجہ کے ترجمان زاہدحفیظ چودھری نے کہاکہ کلبھوشن یادیو کیلئے برطانوی شاہی وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دیناخارج ازامکان ہے کیونکہ پاکستان میں اجازت نامے کاحامل وکیل ہی عدالتوں میں پیش ہوسکتاہے۔