راولپنڈی (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بدترین ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی برداشت کر رہے ہیں، ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ انسانی المیے کو ختم کیاجائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیری عوام قابض بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہوناچاہیے ۔

آرمی چیف کشمیر سے متعلق پاکستان کی غیر مشروط حمایت کا وقتا فوقتا اظہار کرتے رہتے ہیں، گزشتہ روز لاہور گیریژن کے افسران سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت خطے کے عوام دیرپا امن کا حق رکھتے ہیں۔ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق کشمیر کے حل کے لیے پر عزم ہیں۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلح افواج ہر طرح کےخطرات سےنمٹنےکی صلاحیت رکھتی ہیں۔