اسلام آباد(صباح نیوز)

ملک بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید 33افراد کی موت واقع ہوئی ہے ،جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 969 ہو گئی ہے جبکہ مزید 1198 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں،نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 44996 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 345 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 299اور پنجاب میں273افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 38 ، اسلام آباد 9، گلگت بلتستان میں 4اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کل400،292ٹیسٹ کئے گئے ہیں،جبکہ489 12مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں منگل کو کورونا کے مزید 706 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 19 افراد انتقال کرگئے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ نے کی۔مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3803 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 706 نئے مریض سامنے آئے جبکہ پچھلے 24گھنٹوں میں19 مریض انتقال کر گئے۔ اس طرح صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 17947 اور ہلاکتیں 299 ہوگئی ہیں۔وزیراعلی نے بتایا کہ19 مارچ کو کورونا سے پہلی ہلاکت ہوئی اور آج اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید  252  مریض صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4741ہے۔خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 11افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 345ہوگئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مزید 324کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 6554ہوچکی ہے۔کے پی میں 2058 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا کے مزید 128 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت ہوئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 2820 ہوگئی ہے جبکہ 38افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ 524 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسے کورونا وائرس کے مزید 37کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1034ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 9ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 113افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ آزاد کشمیر سے کورنا کے مزید 3کیسز سامنے آئے ہیں جو  سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 115ہوگئی ہے جب ہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 77افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں مزید 6افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 556ہو گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں وائرس سے اب تک 4ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ 390افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب میں پیر کو کورونا کے مزید 1392 کیسز اور 21ہلاکتیں بھی سامنے آئی تھیں جن کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی  تھی۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 15976 ہوگئی ہے جبکہ 273افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔صوبے میں اب تک 4918سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔