ملک بھر کے اخبار فروشوں کے لیے بیت المال کی جانب سے امدادی پیکج کا اعلان

ہر نیوز ہاکر کو سال میں 6لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی

نیوز ہاکر کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بیت المال برداشت کرے گا،سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد (ویب ڈیسک )حکومت کی طرف سے ملک بھر کے اخبار فروشوں کے لیے بیت المال کی جانب سے امدادی پیکج کا اعلان کردیا گیا ہر نیوز ہاکر کو سال میں 6لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی۔ نیوز ہاکر کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بیت المال برداشت کرے گا  یہ اعلان وفاقی وزیر اطلاعات ، سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی بیت المال نے جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کیا ہے ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تمام اخبار فروشوں  کے رہنماؤں کو وزارت اطلاعات میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ اخبار فروشوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے  ان کے رہنما  ہمیشہ مجھ سے رابطے میں رہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی ہر پالیسی میں غریب طبقے کا خصوصی خیال رکھا۔ملک بھر میں انتہائی غریب افراد کیلئے پناہ گاہیں ، لنگر خانے تعمیر کرائے گئے۔معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقے کی فلاح کیلئے احساس پروگرام شروع کیا گیا۔ بدقسمتی سے ماضی میں ملکی وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوئی:وزیر اطلاعات  نے کہا کہ ماضی میں فاٹا، جنوبی پنجاب  اور بلوچستان کو مکمل نظر انداز کیا گیا۔ وزیراعظم ترقیاتی عمل میں غریب اور پسماندہ علاقوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں:شبلی فراز نے کہا کہ اخبار فروشوں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود وزارت اطلاعات کا فرض ہے ۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ  نیوز ہاکر کو خصوصی طور پر 60ہزار روپے بغیر سود قرض بھی فراہم کیا جائے گا۔پاکستان میں 80ہزار اخبار فروش ہیں ، جو کورونا وبا سے بہت متاثر ہوئے۔:ایم ڈی بیت المال عون عباس نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث پرنٹ میڈیا خصوصا اخبار فروش بڑی تعداد میں متاثر ہوئے۔ اخبار فروش یونین اور بیت المال کا اسلام آباد میں فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا۔جن اخبار فروشوں کے جسم کا کوئی حصہ ضائع ہو گیا تو اس کی بحالی کیلئے بھی  تعاون کرینگے۔ ٹکا خان نے کہا کہ امدادی پیکج کی فراہمی پر وزیر اطلاعات ، سیکرٹری اطلاعات کے شکر گزار ہیں۔