پہلے مرحلے میں چالیس سکولوں میں سائنس ، ٹیکنالوجی ، انجنیرنگ اور ریاضی کی جدید تعلیم کے لئے خصوصی لیب قائم کی جائیں گی

چار سو سکولوں میں ایک لاکھ بچے کو جدید علوم میں تعلیم و تربیت کے مواقع میسر آئیں گے

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ اجلاس میں فیصلہ

طبی آلات کی تیاری میں ملکی استعداد اور اس حوالے سے برآمدات میں اضافے کے حوالے سے روڈ میپ بھی  وزیرِ اعظم کو پیش

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ملک بھر کے چار سو ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سائنس، ٹیکنالوجی ، انجنیرنگ اور ریاضی کی تعلیم کے فروغ کے  سٹیم (STEM) منصوبہ شروع کرنے کی منظوری  دے دی گئی،پہلے مرحلے میں چالیس سکولوں میں سائنس ، ٹیکنالوجی ، انجنیرنگ اور ریاضی کی جدید تعلیم کے لئے خصوصی لیب قائم کی جائیں گی،  چار سو سکولوں میں ایک لاکھ بچے کو جدید علوم میں تعلیم و تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔ طبی آلات  کی تیاری میں ملکی استعداد اور اس حوالے سے برآمدات میں اضافے کے حوالے سے روڈ میپ بھی  وزیرِ اعظم کو پیش کردیا گیا ہے ۔جمعہ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ اجلاس ہو، وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد، مشیر تجارت   عبدالرزاق داود، سیکرٹری خزانہ، چئیرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیرِ اعظم کوملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے گذشتہ دو سالوں میں شروع کیے جانے والے چند اہم منصوبوں ، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔وزیر اعظم ہاؤس میں  انجنیئرنگ اور ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی جدید  تعلیم کے حوالے سے مجوزہ یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ۔ملک بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے پلانٹس اور خصوصا اس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں  اور خواتین کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ منصوبے پر بریفنگ  بھی دی گئی ۔یونیورسٹیوں کے  اشتراک سے ملک بھر کے چار سو ہائر سیکنڈری سکولوں میں سائنس، ٹیکنالوجی ، انجنیرنگ اور ریاضی کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے  سٹیم (STEM) منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے  ۔ پہلے مرحلے میں چالیس سکولوں میں  سائنس ، ٹیکنالوجی ، انجنیرنگ اور ریاضی کی جدید تعلیم کے لئے خصوصی لیب قائم کی جائیں گی۔ بیان کے مطابق   چار سو سکولوں میں ایک لاکھ بچے کو جدید علوم میں تعلیم و تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے  طبی آلات  کی تیاری میں ملکی استعداد اور اس حوالے سے برآمدات میں اضافے کے حوالے سے مجوزہ روڈ میپ وزیرِ اعظم کو پیش کیا۔ زراعت کے شعبے کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے ،زرعی پیداوار کو بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاکر ملکی استعداد کو برؤے کار لانے کے حوالے سے مفصل پلان بھی وزیرِ اعظم کو پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعظم  نے کورونا کے دوران  مقامی سطح پر حفاظتی کٹس، وینٹیلیٹرز و دیگر سامان کی تیاری کے حوالے سے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور خصوصا وزیرِ سائنس کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے  زراعت ، ملکی برآمدات   میں اضافے اور ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ  ملک کی نوجوان نسل میں بے انتہا صلاحیت موجود ہے۔ ملک کی ترقی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ سے وابستہ ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر عمل درآمد شروع کیا جا سکے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبوں کی راہ حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے.