ممبران اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے پر ازخود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا5رکنی بینچ آج( بدھ کو)سماعت کریگا

اسلام آباد (ویب  نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔ کیس کی سماعت کے لئے لارجر بینچ تشکیل دیدیا گیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے جس کے دیگر ممبران میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔ یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک اخباری خبر پر نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو طلب کیا تھا اور معاملہ ازخود نوٹس لینے کے لئے چیف جسٹس کو بھجوایا تھا جس پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے۔ کیس کی سماعت آج (بدھ) کو دن ایک بجے سماعت کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت کے لئے چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری وزارت خزانہ، چاروں صوبائی سیکرٹری خزانہ کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز کی مد میں 50,50 کروڑ روپے دینے کی منظوری دی تھی جس کی خبر اخبارات میں شائع ہوئی تھی۔