لاہور(صباح نیوز)

آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے ایک بار پھر صدر مسلم لیگ (ن)کو2 جون کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے طلب کرنے پر شہباز شریف نیب لاہور میں پیش ہوئے،جہاں نیب حکام نے ڈیڑھ گھنٹہ شہباز شریف کا بیان ریکارڈ کیا۔نیب زرائع کے مطابق ٹیم نے شہباز شریف سے انہیں وارثت میں ملنے والی جائیداد سے متعلق سوالات کیے، دو ہزار پانچ سے سات کے دوران بارکلے بینک سے کتنا قرض لیا، نثار احمد گل اور علی احمد سے کیا تعلق ہے،اور گزشتہ بیس سال کے دوران اثاثوں میں اضافے کے زرائع کے بارے میں پوچھا گیا۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نیب کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے  اور غیر متعلقہ دستاویزات پیش کیں،اس کے علاوہ صدر مسلم لیگ(ن)منی لانڈرنگ سے متعلق سوالوں کے جواب دینے سے بھی قاصر رہے،جس پر نیب لاہور نے شہباز شریف کو دو جون کو متعلقہ اور مکمل تفصیلات کے ہمراہ دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔