منی لانڈرنگ کیس’ شہباز شریف، حمزہ ، سلمان شہباز سمیت16 افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں جمع

ریفرنس 50سے زائد جلدوں پر مشتمل ہے احتساب عدالت کے رجسٹرار جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ عدالت کو بھیجیں گے

لاہور (ویب ڈیسک )

قومی احتساب بیورو(نیب)لاہور نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف، سلمان شہباز شریف، فضل داد، قاسم قیوم، مشتاق چینی اور آفتاب احمد سمیت16 افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ریفرنس لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج کے پاس  جمع کروادیا ۔ احتساب عدالت کے رجسٹرار جانچ پڑتال کے بعدریفرنس سماعت کے لئے متعلقہ عدالت کو بھیجیں گے۔ ریفرنس 50سے زائد جلدوں پر مشتمل ہے۔ نیب نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف سات ارب روپے سے زائد کا ریفرنس دائر کیا ہے۔ ریفرنس میں نیب کی جانب سے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شہباز شریف ، حمزہ شہباز، سلمان شہباز ور دیگر نے قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا اور سات ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کی جس سے قومی خزانہ کو شدید نقصان پہنچا اور اس کے تمام  ثبوت بھی موجود ہیں۔نیب کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف تیسرا جبکہ حمزہ شہباز کے خلاف دوسرا  ریفرنس دائد کیا گیا ہے۔ جبکہ عدالت کی جانب اس کیس میں سلمان شہباز کو پہلے ہی اشتہاری قراردیا جاچکا ہے۔ اس کیس میں حمزہ شہباز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں جبکہ شہباز شریف نے لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کروارکھی ہے۔احتساب عدالت میں کیس کا ٹرائل شروع ہونے پر تمام ملزمان کو عدالت میں طلب کیا جائے گا۔