مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ہندوستان میں بیروزگاری عروج پر ہے: منموہن سنگھ
حکومت اپنی دنیا میں مگن ہے ، سابق وزیراعظم کا بیان

نئی دہلی (ویب  نیوز) بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں بیروزگاری انتہا کو پہنچ گئی ہے اور یہ حکومت اپنی دنیا میں مگن ہے۔ ملک کا غیر منظم شعبہ خستہ حالی کا شکار ہے۔ معیشت کو شدید بحران کا سامنا ہے۔ 2016  میں بغیر سوچے سمجھے کئے گئے نوٹ بندی فیصلے نے معیشت کی کمر توڑ دی ہے۔  انھوں نے مودی حکومت کو بڑھتی بیروزگاری اور معیشت کی بدحالی کے لئے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے شدید تنقید کی۔ نوٹ بندی کے فیصلے نے ملک میں بیروزگاری کا ایک طوفان برپا کردیا ہے۔ انھوں نے ریاستوں کے مستقبل کے بارے میں بھی مودی حکومت کی جانب سے کچھ اقدامات نہ کرنے پر بھی تنقید کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے ذریعہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منعقدہ ایک ترقیاتی چوٹی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کی پالیسیاں ہندوستانی عوام کے لئے تباہ کن ثابت ہورہی ہیں۔ بڑھتے مالی بحران کو چھپانے کے لئے مودی حکومت نت نئے بہانے کررہی ہے۔ آر بی آئی کے ذریعہ اٹھائے گئے غیر مستقل اقدامات کی وجہ سے قرض کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور مالیاتی بحران پیدا ہوا ہے۔ چھوٹی اور متوسط صنعتیں متاثر ہورہی ہیں۔ اِس حالت کو ہم نظرانداز نہیں کرسکتے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں یہ بھی کہاکہ بڑھتی بیروزگاری پر قابو نہیں پایا گیا تو انارکی پیدا ہوگی۔ کیرالا اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے نظریاتی اتحاد کے معاشی تھنک ٹینک منموہن سنگھ نے کہاکہ مودی حکومت نے جو عارضی اقدامات کئے ہیں اس سے معیشت کی بحالی نہیں ہوگی۔ یہ چوٹی کانفرنس کیرالا کی ترقی کے لئے نظریات کی تشکیل کا فریم ورک بناتے ہوئے ایک ویژن دستاویز جاری کرنے کے لئے منعقد کی گئی۔ انھوں نے کہاکہ کیرالا اور ملک کی دیگر ریاستوں میں عوام کا مالیہ جھکولے کھارہا ہے۔ ریاستوں پر قرض کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ اِس سے مستقبل کے بجٹوں پر ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا۔ وفاقیت اور ریاستوں کے ساتھ مسلسل مشاورت کے بعد ہی معاشی صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ دستور میں سیاسی فلسفہ موجود ہے لیکن موجودہ حکومت اِس فلسفہ سے بہت دور دکھائی دیتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کیرالا کا سماجی معیار بلند ہے۔ یہاں پر دیگر شعبے بھی ہیں جن پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل بہتر بنایا جاسکے۔ ریاستوں کو ترقی کرنے کے لئے کئی رکاوٹیں پائی جاتی ہیں اِن رکاوٹوں کو عبور کرنے کے لئے ریاستوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ضروری ہے لیکن بدبختی کی بات یہ ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے کئی منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے