میدانی علاقوں میں شدیددھند ، کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر

موٹر وے کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند رہی ، فلائٹ آپریشن معطل

لاہور(ویب ڈیسک ) ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھندچھائی رہی ،کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر ہوگئی، دھند بڑھنے پر موٹر وے کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما رنگ دکھانے لگا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند کے بادل چھا گئے، ہر منظر دھندلا گیا۔ لاہور، قصور، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور دیگر کئی علاقے شدید دھند کے لپیٹ میں رہے۔ چونیاں، ظفر وال، صفدر آباد میں بھی حد نگاہ انتہائی کم رہی۔دھند سے قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر حد نگاہ تیس میٹر تک رہی گئی۔ دھند کے باعث موٹر وے ایم ون پشاور سے صوابی تک بند کردیا گیا، موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، سالم انٹرچینج۔موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے بھی بند رہی۔دھند کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا۔ لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا،اے ٹی سی حکام نے وارننگ جاری کردی اور تمام ائیرلائینز کے پائلٹس کو آگاہ کردیا گیا جبکہ لاہور آنے اور جانے والی پروازیں ری شیڈول کر دی گئیں، پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ملک کے اکثر علاقوں میں سردی کی شدت بھی برقرار رہے گی۔موٹر وے پولیس نے دھند میں حادثات سے بچا ئوکیلئے شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کر دی۔