ملک میں تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی کرپشن ہے
وزیراعظم کی سیاسی رہنما منیر احمد خان سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (ویب  نیوز)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے سیاسی رہنما منیر احمد خان نے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر خسرو بختیار اور فواد چوہدری بھی موجود تھے۔منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تقدیر اور مستقبل وزیر اعظم عمران خان کی ویژنری قیادت کے ہاتھ میں ہونے سے محفوظ اور روشن ہے، ہر پاکستانی اور خصوصا نوجوان نسل اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ ملک کی باگ ڈور اس لیڈر نے سنبھالی ہوئی ہے جس کا دامن صاف اور کرپشن سے پاک ہے، ان کی بے لوث جدوجہد سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور افراط زر سمیت تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے، میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔