نریندر مودی کی پالیسیاں عالم انسانیت کے لئے ایک سنگیں خطرہ ہیں۔سردار مسعود خان

اسلام آباد(ویب  نیوز)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ظلم و جبر، وحشت و درندگی اور اس کی رجوعیت پسندی کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اپنی آزادی اور حق خودارادیت جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں اور وہ دن ان کی زندگی میں ضرور آئے گا جب حق وسچ کی فتح ہو گی اور ناحق ظلم کرنے والے مجرموں کے کٹہرے میں کھڑے کیے جائیں گے۔ دنیا میں بھارت کا مکروہ فریب بے نقاب اور کشمیر کے بارے میں ان کے جھوٹ پا پردہ چاک ہوتا جا رہا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کے حوالے سے سویڈن کے وی ڈیم انسٹیٹیوٹ کی تازہ رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بھارت اب کسی بھی اعتبار سے انتخابی جمہوریت نہیں بلکہ انتخابی آمریت بن چکا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت میں میڈیا پر ناروا پابندیاں، اقلیتوں اور سول سوسائٹی کے ساتھ امتیازی سلوک نئی بات ہو سکتی ہے لیکن مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ ستر سال سے بھارت کے اس بد نما اور مکروہ چہرے سے پوری طرح واقف ہیں جہاں اس کی قابض فوج آزادی اور حق خودارادیت کا جائز اور جمہوری مطالبہ کرنے والے بے گناہ شہریوں کو قتل کر کے انہیں گمنام قبروں میں دفن کر رہی ہے، خواتین کے خلاف جنسی تشدد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے اور نوجوانوں کو اغوا کر کے انہیں جیلوں اور حراستی کیمپوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر آزادی اور حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے سے باز رہنے پر مجبور کر رہی ہے۔ ہمیں انتظار ہے کہ دنیا کے سامنے بھارت کا وہ چہرہ کب سامنے آئے گا جس کو کشمیری سات دہائیوں سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کشمیریوں پر مہربان ہے کیونکہ وہ نریندر مودی اور اس کے انتہا پسند حکومتی ٹولے سے وہ کام کروا رہی ہے جن کی وجہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں دنیا کی نظروں سے اوجھل غیر انسانی مظالم پر پڑا پردہ آہستہ آہستہ سرکتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اب یہ احساس ہوتا جا رہا ہے کہ ہندوتوا کے انتہا پسندانہ نظریے پر قائم نریندر مودی کی حکومت اور اس کی پالیسیاں صرف جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ پورے عالم انسانیت کے لئے ایک سنگیں خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام بھارتی استعماریت کا مقابلہ پوری بہادری اور استقامت کے ساتھ کر رہے ہیں اور ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد کے نتیجے میں ظلم کی سیاہ رات سے صبح آزادی طلوع ہو گی۔