نواز شریف واپس آئے گا ، روزگار بعد میں پہلے ووٹ چوروں کو رلائیں گے، مریم نواز
دھونس دھاندلی کے باوجود ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑی
وزیر آباد والوں نے ووٹ کے تھیلے لے کر بھاگنے والوں کو پیچھے سے پکڑا ،وزیر آباد میں کارکنوں سے خطاب

وزیر آباد( ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیر آباد والوں نے ووٹ کے تھیلے لے کر بھاگنے والوں کو پیچھے سے پکڑا ۔ دھونس دھاندلی کے باوجود ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑی ، عوام نے آٹا ، چینی ، بجلی اور گیس چوروں کو دفن کردیا، ووٹ چوروں کو عوام نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ نواز شریف واپس آئے گا ، روزگار بعد میں پہلے ووٹ چوروں کو رلائیں گے۔ وزیر آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ میں وزیر آباد میں عوام اور شیروں کو ووٹ کی عزت ان کے منہ سے چھین کر واپس لانے پر مبارکباد اور شاباش دینے آئی ہوں دھونس دھاندلی جبر اور بدترین دھاندلی کے باوجود وزیر آباد کے عوام نے ووٹ کو عزت دو کے نواز شریف کے بیانیہ کی جنگ لڑی جب وہ  وزیر آباد کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر تھیلے چرا کر بھاگ رہے تھے تو وزیر آباد کے شیروں نے ان کو پیچھے سے پکڑا جس پر ن لیگ اور میاں نواز شریف کو آپ پر فخر ہے۔ میں وزیر آباد ، ڈسکہ اور نوشہرہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ آپ نے آٹا، چینی ، ووٹ ، بجلی اور گیس چوروں کا مقبرہ بنا کر یہیں پر دفن کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان  کی جب ہر صوبے سے شکست و ریخت مقدر بنی تو اس نے اپنی ڈوبتی ہوئی کشتی اور عزت بچانے کیلئے ڈسکہ کی سیٹ پر ڈاکہ ڈالا لیکن میں ڈسکہ اور وزیر آباد کی بہادر عوام کو شاباش دینا چاہتی کہ آپ نے ووٹ پر ڈاکہ ناکام بنایا ۔ یہ الیکشن نہیں تھا بلکہ بجلی، گیس ، آٹا ، چینی اور ووٹ چوروں کے خلاف ایک ریفرنڈم تھا۔ جس کا فیصلہ پورے پاکستان  سے آیا۔ مریم نواز نے کہاکہ نوشہرہ میں لیگی شریوں نے ان کے گھر میں گھس کر مارا جس نواز  شریف کو کہتے تھے کہ اس کی سیاست ختم ہوگی  وہ لندن سے ان کے گھر میں گھس کر ان کو مار رہا ہے ۔ پی ٹی آئی والے بلوچستان سندھ، خیبرپختونخوا ی میں ہونے والے الیکشنوں میں ہار گئی مگر ڈسکہ میں ڈاکہ مارنے کی کوشش کی۔ عمران کیا تم نے پنجاب کو اتنا لاوارث سمجھ لیا تھا کہ تم پنجاب میں ڈاکہ  ڈالو گے اور پنجاب تمہارا منہ دیکھتا رہے گا ۔ پنجاب والوں نے تمہارے ووٹ چور پکڑ لئے ۔ پنجابی جب جاگ جاتے ہیں تو گھر تک چھوڑ کر آتے ہیں ۔ مریم نواز کے پاپا آئیں   روزگار  بعد میں  لائیں گے پہلے ووٹ چووں کو رلائیں گے ۔ عوام جانتی ہے کس طرح تم نے پولنگ اسٹیشنوں کے دروازے بند رکھے اور فائرنگ کروا کر خوف و ہراس  پھیلایا اور ن لیگ کے شیروں کو گھنٹوں انتظار کرایا جب ان کابس نہ چلا تو الیکشن کمیشن کا عملہ ہی چوری کرلیا۔ 14 گھنٹے  بعد وہ عملہ اچانک منہ لٹکائے لوٹ آیا کوئی کہتا ہے عینک ٹوٹ گئی کوئی کہتا ہے دھند پڑی تھی پوچھتی ہوں کیا ڈسکہ چاند پر ہے آتے آتے 14 گھنٹے  لگ گئے۔2018 میں بکسے چوری ہوئے 2021 میں پولنگ اسٹیشن کا عملہ ہی چوری ہوگیا واہ آپ نے بڑی ترقی کی ہے ان کو بری طرح ہارنے پر شرم بھی نہیں آتی اور کہتے  ہیں ووٹ بڑھ گیا ہے یہاں کے عوام نے 2018 کے الیکشن کا پول کھول دیا۔مریم نواز نے کہاکہ ن لیگ مطالبہ کررہی ہے کہ ہمیں صرف 20 پولنگ اسٹیشنوں نہیں ہمیں پورے ڈسکہ کی ری پولنگ ہونی چاہیے ۔  پورے پنجاب کی پولیس ،ایجنسیوں ان کے وزیروں اور انتظامیہ نے زور لگایا مگر پھر بھی نواز شریف جیت گیا ۔ اگر دھاندلی نہ ہوئی ہوتی تو وزیر آباد اور ڈسکہ میں ان کی ضمانتیں ضبط ہو جاتیں۔ ہر آنے والا دن انہیں رسوا کررہا ہے اور ان کے چہرے سامنے لارہا ہے ہر آنے والا دن نواز شریف کو سرخرو کررہا ہے۔ اگر الیکشن کمیشن  چاہتا ہے کہ اس کے عملے کے ارکان آئندہ چوری نہ ہوں تو الیکشن کمیشن کو دلیرانہ  فیصلہ کرنا پڑے گا اور ووٹ چوروں کے چہرے عوام کے سامنے لانے پڑیں گے۔ قوم انتظار کررہی ہے یہ خود اپنی چوری کا بول دیں۔ عوام بددعائیں دے رہی ہے ان کو ووٹ کون دے گا۔ انہوں نے چوری کی اور رنگے ہاتھوں پکڑا بھی گیا۔ اب عمران خان کہتا ہے 20 پر دوبارہ پولنگ کرالو مجھے مزید بے نقاب نہ کرو ڈسکہ اور وزیر آباد کل بھی نواز شریف کا تھا آج بھی اور کل بھی رہے گا۔ ووٹ چوروں کی حکومت آخری سانوں پر ہے بندہ ایماندار ہے  تابعدار ہے مگر اس نے پوری  ایمانداری سے الیکشن چوری کیا ہے ۔ ڈسکہ  میں صرف بزدار قصوروار نہیں  عمران خان ووٹ چور ذمہ دار ہے۔