اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ن لیگ کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان انتقال کر گئے، ان کی عمر 68 سال تھی، وہ چند ماہ سے علیل تھے، مرحوم کی نمازجنازہ آج بعد نماز ظہر الیون ایچ اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

مشاہداللہ خان 1952 میں راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے 1990 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی، 2009 اور 2015 میں دو مرتبہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہو ئے۔ 2017 میں شاہد خا قان عباسی کی کابینہ میں دوبارہ وزیر بنے۔

مشاہداللہ شعلہ بیان مقرر تھے، وہ اپنے بیانات سے مخالفین کو پریشان کیے رکھتے تھے۔ مشاہداللہ شاعرانہ انداز میں مخالفین پر طنز کے نشتر چلانے میں مہارت رکھتے تھے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سینیٹر مشاہداللہ کی وفات پارٹی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، مشاہداللہ نے ہمیشہ باپ کی طرح شفقت کی، سینیٹر مشاہداللہ کا خلا کبھی پورا نہیں ہوگا۔

سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ سینیٹر مشاہداللہ خان ایک نڈر انسان تھے، وہ آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے۔