لاہو…..آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ2015ء کیلئے پاکستانی سکواڈ کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے بعد حتمی شکل دی جائے گی،پی سی بی کے زیر اہتمام کھیلے جانے والے ہائی پروفائل ون ڈے ٹورنامنٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ پی سی بی کے کے ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے ہر ایونٹ میں شریک ہرملک کیلئے حتمی اسکواڈ جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دس جنوری مقرر کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حتمی ٹیم کے اعلان سے قبل اٹھائیس دسمبر سے آٹھ جنوری تک ایک ہائی پروفائل ون ڈے پنٹنگولر ٹورنامنٹ آرگنائز کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے جہاں ملک بھر کے سرفہرست 75 کھلاڑی پانچ ٹیموں میں شامل کئے جائیں گے اور اس ٹورنامنٹ کے خاتمے پر گیارہ جنوری کو پندرہ رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ چار صوبائی ٹیموں کے علاوہ ایک ٹیم وفاق کے زیر انتظام علاقوں پر مبنی بھی ہو گی جبکہ چھٹی ٹیم فاٹا اور قبائلی علاقوں پر مشتمل کھلاڑیوں کی بھی ہو سکتی ہے تاہم فی الحال اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا کیونکہ شریک ٹیموں میں خیبر پختونخوا کا اسکواڈ پہلے ہی موجود ہوگا۔ پچاس اوورز کا پینٹنگولر ٹورنامنٹ ورلڈ کپ اسکواڈ کیلئے فائنل پلیٹ فارم ثابت ہوگا جس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو بہترین معاوضے بھی دیئے جائیں گے۔ ابتدائی تیس رکنی سکواڈ دسمبر میں ہی آئی سی سی کو بھیج دیا جائے گا جس میں نظر انداز کئے جانے والے سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک، کامران اکمل اور عمران فرحت کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔ �آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے قومی ٹیم کے منتخب کھلاڑی اٹھارہ جنوری کو روانہ ہو جائیں گے جو نیوزی لینڈ میں دو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے ساتھ ہی دونوں میزبان ممالک میں ڈومیسٹک اور مقامی کلبس کیخلاف بھی میچز کھیلیں گے۔