اسلام آباد (سٹاف رپورٹ)

وزیر اعظم عمران خان نے 9 اگست کوسارے پاکستان میں ایک ٹائیگر فورس دن منا نے کا علان کرتے  ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ٹارگٹ بنایا ہوا ہے کہ ہم9 اگست کو پاکستان کی تاریخ کا ایک دن میں سب سے زیادہ درخت  لگانے کا ریکارڈقائم کریں گے اور ملک کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے۔9 اگست کو میں خود بھی  اس میں شامل ہوں گا۔ ہم نے 2023تک 10ارب درخت لگانے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کے نام پیغام دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آج اپنی ساری ٹائیگر فور س کو ایک خاص پیغام دینا چاہتا ہوں ، نو اگست کو ہم سارے پاکستان میں ایک ٹائیگر فورس دن منا رہے ہیں لیکن اس دن کا مقصد کیا ہو گا ، سارے پاکستان میں ہم شجر کاری کریں گے ، اس کو لیڈ ٹائیگر فورس کرے گی تاہم اس کے ساتھ ساتھ میں اپنے تمام ایم این ایز کو ، اپنے وزراء اور ارکان اسمبلی سے کہتا ہوں کہ آپ نے9 اگست کو پورے پاکستان میں شجر کاری میں شرکت کرنی ہے، ہم نے 2023تک 10ارب درخت لگانے ہیں، ہمارے 10لاکھ رجسٹرڈ رضاکار ہیں جن کو ہم ٹائیگرز کہتے ہیں ، میں آپ سب سے کہہ رہا ہوں کہ آپ نے9اگست کو شجرکاری مہم لیڈ کرنی ہے اور اس کی قیادت کرنی ہے، اس میں ہمارے نوجوان، سکول کے طلباء سب نے شرکت کرنی ہے کیونکہ ہم سب کو سمجھ جانا چاہئے کہ پاکستان میں درخت  لگانا دو وجہ سے ضروری ہے ، ایک یہ کہ ہمارے شہروں کے اندر آلودگی بڑھ رہی ہے اور اس کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر اثر  پڑ رہا ہے اور اگر ابھی سے ہم نے کچھ نہ کیا تو آگے جا کر مزید پڑتا جائے گا، اس کی دوسری وجہ یہ ہے کہ پاکستان وہ ملک ہے جو دنیا میں موسمیاتی تبدیلی  اور گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے 10ملکوں میں سے ایک ہے، اس لئے ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے لئے اس وقت شجر کاری کرنی ہے، نو اگست کو میں خود بھی  اس میں شامل ہوں گا، ہماری ساری ٹائیگر فورس شامل ہو گی اور جو بھی مزید ٹائیگر فورس کا حصہ بننا چاہتے ہیں وہ رجسٹرڈ ہوں تاکہ ہم آپ کو بتائیں کہ ملک کے کس حصہ میں آپ کو کون لیڈ کرے گا، کدھر سے آپ کو پودے ملیں گے تاکہ آپ پوری طرح اس مہم میں شامل ہوں ۔ہم نے ٹارگٹ بنایا ہوا ہے کہ ہم نو اگست کو  پاکستان کی تاریخ کا ایک دن میں سب سے زیادہ درخت  لگانے کا ریکارڈقائم کریں  گے  اور ملک کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منانے کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔ ٹائیگر فورس سے متعلق چین کی جانب سے لکھا گیا خط بھی وزیراعظم کو پیش کیا گیا، عمران خان نے عالمی سطح پر ٹائیگر فورس کی پذیرائی پر مسرت کا اظہار کیا اور ٹائیگر فورس کو متحرک رکھنے پر عثمان ڈار کو شاباش دی۔