اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے اپنا ایک اوروعدہ پورا کرتے ہوئے معاونین خصوصی اور مشیروں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہے۔ 5 معاونین خصوصی دوہری شہریت کے حامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس کے پاس کینیڈا اور سنگاپور کی شہریت ہے، وہ 71 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

معاون خصوصی نیشنل سیکورٹی ڈویژن معید یوسف کی امریکہ کی رہائش ہے۔ وہ بھی ارب پتی ہیں، معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر امریکی شہریت کے حامل ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 2 ارب 75 کروڑ 28 لاکھ ہے۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق معاون خصوصی پارلیمانی کوآرڈینشن ندیم افضل چن کی بھی دوہری شہریت نکلی، ان کے پاس کینڈین شہریت ہے۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق معاون خصوصی اوورسیز زلفی بخاری بھی دوہری شہریت رکھتے ہیں، زلفی بخاری مستقل برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔ پاکستان میں 1300 کنال سے زائد اراضی کے مالک ہیں، اسلام آباد میں 34 کنال اراضی پر مشتمل پلاٹس ہیں، لندن میں 48 لاکھ 50 ہزار پاونڈ کی جائیداد کے بھی مالک ہیں، بیرون ملک 5 کمپنیوں کے شیئرز ہیں۔

زلفی بخاری کی اہلیہ کے پاس 5 لاکھ پاونڈ ملکیت کا سونا ہے اور انکی اہلیہ کے پاکستان میں 24 لاکھ روپے بینکوں میں موجود ہیں، زلفی بخاری کی بیرون ملک بینکوں میں 17 لاکھ پاونڈ رقم موجود ہے

چیئر مین سی پیک اتھارٹی اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کی مالیت 16 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے۔ انکے پاس گلبرگ گرین میں 7 کروڑ روپے مالکیت کا فارم ہاوس بھی ہے، کراچی، لاہور اسلام آباد میں 5 پلاٹس ہیں، رحیم یار خان اور بہاولپور میں 65 ایکڑ اراضی بھی موجود ہے۔

معاون خصوصی شہزاد اکبر کے اثاثوں کی مالیت 7 کروڑ 23 لاکھ سے زائد ہے۔ معاون خصوصی شہباز گل 11 کروڑ 85 لاکھ روپے کے مالک ہیں۔ انکے ذمے 2 کروڑ 42 لاکھ کے واجبات ہیں۔ موجودہ اثاثوں کی مالیت 9 کروڑ 44 لاکھ روپے ہے۔ پاکستان میں ایک پلاٹ، فارم ہاؤس اور بیرون ملک ایک گھر کے مالک ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم کے 5 مشیروں میں سے کسی کے پاس دوہری شہریت نہیں، مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اہلیہ کے نام پر 50 لاکھ کی سرمایہ کاری شئیرز کی مد میں کررکھی ہے، اہلیہ کے نام پر92 لاکھ روپے کی۔ تین گاڑیاں ہیں، ایک لاکھ روپے کے زرعی آلات جبکہ ڈیڑھ لاکھ روپے فرنیچر کے بھی مالک ہیں۔

ملک امین اسلم نے ایک کروڑ 47 لاکھ روپے کا بینک بیلنس بھی اثاثہ جات میں ظاہر کیا ہے، مشیر موسمیاتی تبدیلی نے اہلیہ کے نام پر 10 لاکھ 75 ہزار روپے کی جائیداد بھی ظاہر کی ہے، ملک امین اسلم وراثتی طور پر حاصل کی گئی 15 جائیدادوں کے مالک ہیں۔

معاون خصوصی صحت ظفر مرزا 5 کرو 70 لاکھ روپے کے مالک ہیں، معاون خصوصی کے پاس 2 کروڑ روپے مالیت کا گھر اور 3 کروڑ کے پلاٹس بھی ہیں، اہلیہ کے پاس 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات بھی ہیں۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اثاثوں کی مالیت 6 کروڑ روپے ظاہر کی ہے، عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں زرعی اراضی اور کارروبار کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

احساس پروگرام کی چیئر پرسن معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر 2 کروڑ روپے سے زائد کی مالک ہیں۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان وراثتی طور پر حاصل کی گئی ساڑھے 16 کروڑ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں، انہوں نے سپین میں ایک کروڑ روپے کی جائیداد بھی ظاہر کی ہے، اپنے کاروبار میں 47 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔

بابر اعوان کے پاس ایک کروڑ 68 لاکھ روپے مالیت کی 6 گاڑیاں ہیں، 20 لاکھ روپے کے زیورات اور لاکھ روپے کے فرنیچر کے بھی مالک ہیں، 18 لاکھ روپے کے زرعی آلات ہیں، جبکہ تین لاکھ روپے کی کلب ممبر شپ بھی حاصل کررکھی ہے، 5 کروڑ سے زائد نقد رقم جبکہ 2 کروڑ سے زائد رقم بینک اکاونٹس میں ظاہر کی ہے۔

معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان 4 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔  مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کے اثاثے اربوں روپے میں ہیں، وہ ایک ارب 75 کروڑ روپے کے مالک نکلے۔ڈاکٹر عشرت حسین ایک ارب 70 کروڑ روپے کے مالک ہیں۔