لاہور (صباح نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ مزید کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچنے چاہئیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔متعلقہ ادارے و محکمے موثر منصوبہ بندی کرکے ریلیف کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے تناسب سے دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دیا جائےـمتعلقہ ادارے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے مربوط انداز میں کام کریں۔عثمان بزدارنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اٹھ رہاہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی پاکستان تحریک ا نصاف کی حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔