لاہور(سٹاف رپورٹ)

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاحتی مقامات جلد کھولنے کا عندیہ دے دیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو جلد کھولنا چاہتے ہیں،

ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو بھی کھولنے کے لئے ایس او پیز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، سیاحتی مقامات اور ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی سفارشات این سی او سی کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی، این سی او سی کی منظوری کے بعد سیاحتی مقامات اور ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کے مطابق کھولا جائے گا، سیاحتی مقامات کھلنے سے ٹورازم کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ  مری کے رہائشیوں کے لئے پانی کی فراہمی بہتر بنائیں گے، مری میں نئے تھانے اور نئی سب ڈویژن بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے، مری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایس پی تعینات ہوں گے، مری میں 22 کروڑ روپے سے نئی واٹر سکیم بنے گی، نئی سکیم سے روزانہ 6 لاکھ گیلن پانی مری کے رہائشیوں کو ملے گا، مری مظفر آباد روڈ 2 کروڑ 42 لاکھ روپے سے مکمل کریں گے، مری میں ساڑھے تین لاکھ پھلدار درخت لگائے جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا مری میں تعمیرات سے متعلقہ بائی لاز کا جلد نفاذ کیا جائے گا، مری میں کوہسار یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔