وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر 136تحصیل کونسلز کو 18ارب روپے کے فنڈز جاری
صوبہ بھر میں مقامی سطح پر تعمیر وترقی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 21۔2020 ترتیب،306 لوکل گورنمنٹس کی آبادی مستفید ہوگی
صوبہ بھر میں18 ارب روپے کی لاگت سے6688سکیمیں منظور،4460سکیموں کے ٹینڈرز جاری، نچلی سطح پر نئے دور کا آغاز
دیہات میں 7ارب روپے کے 2657 منصوبوں اور شہرو ں میں  3ارب70لاکھ روپے سے 1640سکیموں پر کام کا آغاز

لاہور (ویب نیوز )وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پربنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 18 ارب روپے کے فنڈز کا فوری اجراء کر دیا ہے – وزیراعلی عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر میونسپل سروسز کی فوری فراہمی کیلئے 136تحصیل کونسلز کو 18ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں اور اس ضمن میں  وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے فنڈز کا اجراء کر دیا ہے-وزیر اعلی عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں مقامی سطح پر تعمیر وترقی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 21۔2020 ترتیب دیا گیا ہے۔لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے دیہی تحصیل کونسلز،میٹروپولیٹن،میونسپل کارپوریشنز اورمیونسپل و ٹاؤن کمیٹیوں پر مشتمل 306 لوکل گورنمنٹس کی آبادی مستفید ہوگی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گااور لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تقریباً20ارب روپے کی لاگت سے 7352سکیموں کی نشاندہی کی گئی ہے،تا ہم 7352میں سے  18 ارب روپے کی لاگت سے  6688سکیموں کو منظور کیا گیا ہے جس سے مقامی سطح پر تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 4460سکیموں کے ٹینڈرز  جاری کر دیئے گئے ہیں تا کہ نچلی سطح پر ترقیاتی سکیموں پر جلد سے جلد کام کا آغاز ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ 18 ارب روپے کے فنڈز  سے دیہی سطح پر تعمیر وترقی کیلئے 7ارب روپے مالیت کے 2657 منصوبوں پر کام شروع کیا جا رہا ہے جبکہشہر کی میٹروپولیٹن،میونسپل کارپوریشنز اورمیونسپل و ٹاؤن کمیٹیوں کے لئے 3ارب70لاکھ روپے کی لاگت سے 1640سکیموں پر کام کا آغاز ترجیحی بنیادوں پر کیا جارہا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کیلئے 1025،نکاسی آب کے جدید سسٹم کیلئے 967،صاف پانی کی فراہمی کیلئے 131اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کیلئے 33سکیموں پر کام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ماسٹر پلاننگ،زوننگ اورعوام کو صحت کی مثالی سہولیات کی فراہمی کیلئے 10سکیموں پر کام کا آغازکیا جارہا ہے اوران سکیموں کیلئے تقریباً5ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔صاف پانی کی فراہمی،جدیدسالڈ ویسٹ مینجمنٹ اورنکاسی آب کے سسٹم سے جہاں بیماریوں پر قابو پانا ممکن ہوگا،وہیں پنجاب ترقی کیلئے ایک نئے دور کی جانب گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان فنڈز کے استعمال سے نچلی سطح پر ترقی کا سفرمزید تیز ہوگااورعوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔
٭٭٭٭