وزیرِ اعظم کی گلگت بلتستان میں  فورجی سروس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت

 وزیراعظم کی زیرصدارت  اجلاس میں  مواصلاتی روابط میں مزید بہتری لانے کا جائزہ

اسلام آباد(ویب  نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں  فورجی سروس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی وزیراعظم کی زیرصدارت مواصلاتی روابط میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور،وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وزیرِ اعلی گلگت بلتستان محمد خالد خورشید و دیگر سینئر  حکام شریک ہوئے ۔شمالی علاقہ جات میں مواصلاتی روابط  اور  انٹرنیٹ کی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے مختلف منصوبوں اور متعلقہ امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم  نے کہا کہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔ گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکج کی منظوری دی جا چکی ہے جس سے علاقے میں تعمیرو ترقی کا نیا باب روشن ہوگا۔  ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان میں  مواصلاتی روابطوں کی بہتری کے حوالے سے خصوصی توجہ دی ہے۔  مواصلاتی روابط کے ضمن میں مختص فنڈز کی تعداد میں موجودہ دور میں ڈھائی سو گنا اضافہ اس عزم اور توجہ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیرِ اعظم نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ایس سی او اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ گلگت میں مواصلاتی روابط کی بہتری کے حوالے سے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے پوٹینشل اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ اس علاقے میں تھری جی اور فور جی سروسز کی دستیابی ہو تاکہ جہاں نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے  آن لائن تعلیم حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملے وہاں سیاحت کے پوٹیشنل سے بھی استفادہ کیا جا سکے۔