اسلام آباد (ویب ڈیسک)

سینیٹ انتخابات اور پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے آج سرکاری مصروفیات مؤخر کردیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر صوبائی تنظیموں کے اعتراضات کا جائزہ لیا جائے گا۔

پارٹی رہنماؤں کے تحفظات کے بعد سینیٹ انتخابات کے لیے دی گئی ٹکٹوں پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ سے فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ دیے جانے پر اراکین بورڈ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ فیصل واوڈا نااہلی سے بچنے کیلئے سینیٹر بننا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مناسب سمجھا تو سندھ سے آنے والی شکایات پر بھی وہی کریں گے جو سینیٹ الیکشن کے بارے میں بلوچستان کی شکایت پر کیا۔