وزیر اعظم کا اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف غداری کے مقدمے پر ناپسندیدگی کا اظہار

وزیر اعظم کو اس ایف آئی آر کا کوئی علم نہیں تھا جب میں وزیر اعظم کے علم میں لایا تو شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا،فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماں کے خلاف غداری کے مقدمے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔اس بات کا انکشاف وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کیا ، فواد چوہدری کا کہناتھا کہ وزیر اعظم کو اس ایف آئی آر کا کوئی علم نہیں تھا، جب میں وزیر اعظم کے علم میں لایا اور انہیں بتایا کہ اس طرح کی ایف آئی آر ہوئی ہے جس میں نواز شریف اور دیگر لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے تو وزیر اعظم نے شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ فواد چوہدری نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کسی نے کارروائی ڈالنے کیلئے ایسا کیا ہو، دیکھتے ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ  بغاوت کے مقدمے بنانا ہماری پالیسی نہیں ہے، یہ نواز شریف کے دور کی باتیں ہیں، تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے سیاست کی شطرنج پر ابھی ہماری چال باقی ہے، نون لیگ پیادے بچائے شاہ اور وزیر کا کھیل ابھی دور ہے، ابھی کھیل شروع ہوا ہے جلدی کیا ہے۔خیال رہے کہ لاہور میں اپوزیشن رہنماوں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان میں نواز شریف، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماء شامل ہیں