لاہور (ویب ڈیسک)

وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ صوبائی وزیر نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس بھی کورونا وائرس کی گرفت میں آگئے۔ ڈاکٹرز کی ہدایات پر وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ ڈاکٹر مراد راس نے دو روز قبل کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جتنے لوگ رابطے میں رہے، سب سے کورونا ٹیسٹ کرانے کی درخواست ہے، موذی وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، عوام لازمی احتیاط کریں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 12 ہزار 333 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 64 ہزار 268، سندھ میں 2 لاکھ 53 ہزار 762، خیبر پختونخوا میں 69 ہزار 990، بلوچستان میں 18 ہزار 942، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 940، اسلام آباد میں 42 ہزار 688 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 487 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 84 لاکھ 66 ہزار 117 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 19 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 25 ہزار 997 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 680 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 12 ہزار 333 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 51، سندھ میں 4 ہزار 219، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 995، اسلام آباد میں 486، بلوچستان میں 199، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 281 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔