اسلام آباد  (ویب ڈیسک)

اسلام آباد ہائیکورٹ اور ضلع کچہری کی تمام عدالتیں آج بند رہیں گی۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کے حکم پر آج کے تمام مقدمات کی فہرست منسوخ کر دی گئی۔ وکلاء احتجاج میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے بعد عدالتیں تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے والے وکلاء کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کرلیا، عدالت نے ملوث وکلاء کے لائسنس منسوخ کرنے کیلئے اسلام آباد بار کونسل سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں 30 سے زائد وکلاء کے خلاف ہائیکورٹ سیکیورٹی افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا، ملزمان وکلاء کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر اور باہر چاروں اطراف غیر معمولی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر اور باہر سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی۔