پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ٹوئٹر کی سروس متاثر

اسلام آباد( ویب نیوز)پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس ہفتہ کو متاثر ہوگئیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ہزاروں صارفین کی جانب سے سروس تک رسائی میں مشکلات کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے قبل صارفین کو ٹوئٹر کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہوا اور اب تک 9 ہزار سے زائد صارفین کی جانب سے شکایات رپورٹ کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں اکثر صارفین، اپنے ٹوئٹر اکاونٹس سے لاگ آوٹ ہوگئے اور دوبارہ لاگ ان کی کوشش میں ان کے پاس ایرر آرہا ہے۔خیال رہے کہ ایک ہی دن میں دوسری مرتبہ ٹوئٹر کی سروس متاثر ہوئی ہے، گزشتہ شب بھی دنیا کے مختلف ممالک سے ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔برطانوی خبررساں اداریکی رپورٹ کے مطابق جمعے کی شب کو رات گئے ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کے بعد کمپنی نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘آپ میں سے کچھ کے لیے شاید ٹوئٹس لوڈ نہیں ہورہے ہوں گے’۔کمپنی نے مزید کہا کہ ‘ ہم اس مسئلے کے حل پر کام کررہے ہیں اور جلد سروس ٹھیک ہوجائے گی’۔گزشتہ شب ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ لگ بھگ 40 ہزار صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔علاوہ ازیں برطانوی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ صارفین کی ایک بڑی تعداد کو ٹوئٹر سروس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہوا تھا