پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں غیرملکی جنگجوں کی مبینہ منتقلی کے بھارتی الزامات کومسترد کردیا

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی ذرائع ابلاغ کے غیر ملکی جنگجوئوں کی مبینہ منتقلی کے من گھڑت الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ہفتہ کے روز دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے من گھڑت الزامات کشمیریوں کے اپنے پید ائشی حق خودارادیت کے حصول کیلئے مقامی جدوجہد آزادی کے خلاف پروپیگنڈے کا حصہ ہے جس حق خودارادیت کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں وعدہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی چالیں پھر ناکام ہوکر برباد ہوگئیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت ایسا جھوٹ پھیلا کر غیر قانونی اور غیر انسانی قبضہ کے خلاف کشمیری عوام کے پیدائشی حق خودارادیت پر نہ پردہ ڈال سکتا ہے اور نہ ہی یہ انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹاسکتاہے