گوجرانوالہ جلسہ میں پاک فوج کیخلاف بات کر نے والوںکی زبان گدی سے کھینچ لی جائے گی،شیخ رشید

عالمی سازش ہو رہی ہے، ملک کو وہ عدم استحکام کا شکار کررہے ہیں جو خود لندن میں بیٹھ کر لوگوں کو سڑکوں پر نکلنے کا کہتے ہیں

وزیر ریلوے کا بہاولپور ماڈل ریلوے اسٹیشن کی فتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

بہاولپور(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی ہے یہ جلسہ کریں لیکن اگر کوئی پاک فوج کے خلاف بات کرے گا تو اس کی زبان گدی سے کھینچ لی جائے گی، یہ وہ عظیم فوج ہے جس نے اس پاکستان کو بچایا ہے ۔آج اس ملک کے خلاف انٹرنیشنل سازش ہو رہی ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے۔ اس ملک کو وہ عدم استحکام کا شکار کررہے ہیں جو خود لندن میں بیٹھے ہیں اور لوگوں کو کہتے ہیں کہ آپ سڑکوں پر نکلیں۔بلاول بھٹو زرداری آج (جمعہ) کو لاہور آرہا ہے بڑے شوق سے آئے، یہ بڑے سمجھدار لوگ ہیں، سندھ حکومت ختم نہیں کریں گے اور استعفے نہیں دیں گے۔ (م)میں سے(ش)کے آٹھ سے 15آدمیوں کا ضمیر جاگے گا اور نعرہ مار کے وہ  باہر نکلیں گے پھر میں دیکھتا ہوں استعفے کون دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے بہاولپور ماڈل ریلوے اسٹیشن کی فتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں طالب علم کارکن تھا اس وقت سے میں اس بات کا حامی ہوں کی بہاولپور کو الگ صوبہ بنایا جائے اور جب میں نے جیل کاٹی تو میرا یقین ہو گیا کہ بہاولپور کو الگ صوبہ بننا چاہیئے۔ ان کا کہا تھا کہ بہاولپور کی تاریخ کی اس وقت کی سب سے بہترین عمارت بہاولپور ریلوے اسٹیشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ریلوے حبیب الرحمان گیلانی کی چینی حکام سے آج تفصیلی بات ہوئی ہے اسی ماہ کے آخر تک ایم ایل و ن منصوبہ کا ٹینڈر بھی لگادیں گے، یہ انقلاب ہو گا، 1861کی پٹڑی پڑی ہوئی ہے، روز کوٹری میں کوئی نہ کوئی واقعہ ہو جاتاہے۔ عمران خان کے دور میں ایم ایل ون کی شکل میں ایک  انقلاب آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ریلوے کے ڈرائیوروں کی تنخواہوں کے لئے بھی سی ای اوصاحب کو اجازت دی ہے کہ تنخواہوں میں جائز اضافہ کر لیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج تمام ٹرینوں کے کوروناوائرس سے پہلے جو جو اسٹاپ تھے ان کو بحال کیا جارہا ہے، شالیمار کا اسٹاپ میں نے ملتان میں بھی دے دیا ہے۔