پنجاب اسمبلی میں سات نشستوں والی پیپلز پارٹی کا عدم اعتماد کی بات کرنا شرمناک ہے ،فردوس عاشق
یہ لوگ مانگے تانگے کی سواریوں سے ریل کا ڈبہ بھرنا چاہتے ہیں۔ اگر یہ ریل کا ڈبہ بھر بھی گیا توپٹری پر نہیں چڑھ سکے گا
ہماری حکومت نے ہر ضلع خوشحال کے نعرے کے تحت پورے پنجاب کی یکساں ترقی کا بیڑا اٹھایا ہے تمام اضلاع کی ضروریات کا خیال ہے

لاہور (ویب  نیوز)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا ہے کہ پی۔ ڈی۔ایم کا عبرتناک انجام انکی منافقت کے باعث ہوا ہے ۔ پی ڈی ایم قصہ پارینہ ہو گئی ہے۔ پی ڈی ایم درحقیقت ایک دوسرے کو دھوکہ دہی کا پروگرام تھا ۔سب سے زیادہ نقصان جعلی راجکماری کو ہوا ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عدم اعتماد اسمبلی کے فلور پر ہوتی ہے ٹی وی کی سکرین پر نہیں۔ فردوس عاشق اعوان عدم اعتما د کا لفظ پیپلز پارٹی کے منہ پر پھبتا ہی نہیں ہے ۔ان کیلئے یہ نام لینا بھی شرمناک ہے ۔ پنجاب اسمبلی میں سات نشستوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے لوگ مانگے تانگے کی سواریوں سے ریل کا ڈبہ بھرنا چاہتے ہیں۔ اگر یہ ریل کا ڈبہ بھر بھی گیا توپٹری پر نہیں چڑھ سکے گا ۔ پیپلز پارٹی صرف گیڈر دھمکیاں ہی دے سکتی ہے کیونکہ جن کا سہارا لے کر وہ پنجاب اسمبلی میں مہم جوئی کرنا چاہتے تھے انہوں نے نہ صرف اپنے کندھے بلکہ اپنا ہاتھ بھی ان سے ہٹا لیا ہے ۔ اب یہ لوگ ایک دوسرے سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے پیچھے لگ کر جس طرح مولانا نے اپنی دنیا اور آخرت تباہ کر لی وہ سب کیلئے مقام عبرت ہے ۔بچوں کی سیاست نے مولانا کاجو اپنا انجام کیا آئیندہ وہ سیاست کرنے سے پہلے ہزار دفعہ سوچیں گے ۔ پی ڈی ایم کے تینوں کو پیغام یہ ملا ہے کہ بلاول آر ہو گیا، مریم پار ہو گئی ، مولانا خوار ہو گئے اور عمران برقرار رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کرونا نیگیٹو ہوُگیا ہے اور اب وہ تازہ دم ہو کر سیاسی مخالفین کو شکست دینے کیلئے تیار ہیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج وزیر اعلی کے ساتھ چنیوٹ اور سرگودھا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے سرگودھا اورچنیوٹ کیلئے 17۔ارب60کروڑ کے ڈویلپمنٹ پیکیج،اربوں کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ فیصل آبادچنیوٹ،سرگودھا سڑک کی تعمیر کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرانے کااعلان کیاگیا اس منصوبے پر 12۔ارب70کروڑ روپے لاگت آئیگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرگودھا کیلئے 12۔ارب روپے کے نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ ان میں 43ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شامل ہونگے۔ا ن میںسرگودھا میں سوشل سکیورٹی ہسپتال،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی سروسز شعبہ حادثات،روڈ سیکٹر کے 26میگا پراجیکٹ شامل ہیں۔ سرگودھا تا مخدوم انٹرچینج موٹر وے 42کلومیٹر طویل دورویہ سڑک بنے گی،109کلومیٹر طویل مزید سڑکیں بھی تعمیر ہونگی۔ فراہمی و نکاسی آب پارک بیوٹیفکیشن سمیت 13منصوبے شامل،رابطہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت بھی ہوگی۔سرگودھا میانوالی روڈ کا دوسرا حصہ خوشاب سے سرگودھا،سیال موڑ تک مکمل کرنے کیلئے پی ایس ڈی پی میں پیش ہوگا۔سرگودھا میں 62کروڑ30لاکھ روپے کے 6منصوبوں کا افتتاح،کھیت تا منڈی52کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ وزیر اعلی نے بوٹینیکل گارڈن اورمیاواکی فارسٹ کابھی افتتاح کیا ،وزیراعلیٰ نے محنت کش بچوں سے سکینڈ شفٹ لرننگ سینٹرکی تختی کی نقاب کشائی کرائی۔1۔ارب 21کروڑ کے 4نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد،پناہ گاہ،ڈی سی کمپلیکس اورانبالہ کالج بی ایس بلاک بنے گا۔کھیت تا منڈی سڑکوں کی تعمیر کے دوسرے مرحلے میں 53کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کے 6منصوبے بھی مکمل کیے جائینگے۔وزیراعلیٰ کا چنیوٹ کیلئے 5ارب 61کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان،روڈ سیکٹر کے 6منصوبے شامل ہونگے۔وزیراعلیٰ نے چنیوٹ میں 43کرروڑ71لاکھ کے 4روڈ سیکٹر منصوبوں کا افتتاح اور85کروڑ31لاکھ کے 2منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔چنیوٹ میں 250بیڈ کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال،ڈسٹرکٹ کمپلیکس،پولیس لائن،لالیاں اوربھوانہ میں نئے کالج بنیں گے۔چنیوٹ اور سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوا ن نے کہا کہ ہماری حکومت نے ہر ضلع خوشحال کے نعرے کے تحت پورے پنجاب کی یکساں ترقی کا جو بیڑا اٹھایا ہے اس سے تمام اضلاع کے عوامی مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں کی ضروریات پوری ہو نگی اور پورے پنجاب کا بجٹ ایک ہی ضلع پر خرچ کرنے جیسی نا انصافی کا خاتمہ ہو گا ۔