پیپلزپارٹی نے ایک تیر سے شیر سمیت کئی شکار کئے، بلاول بھٹو
عمران خان اوراسٹیبلشمنٹ کے بجائے پیپلزپارٹی سے لڑنا اور اپوزیشن سے اپوزیشن کرنا ن لیگ کا شوق ہے
جسٹس قاضی فائز عیسی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد صدر عارف علوی اور وزیر قانون فروغ نسیم کو استعفی دینا چاہیئے

مفتاح اسماعیل کی جیت اور ان کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا۔.. شہباز شریف

حلقہ این اے 249کا نتیجہ چوری کیا گیا ،مریم نواز الیکشن کمیشن کو متنازع الیکشن کے نتائج کو روکنا ہوگا ،ٹویٹ

کراچی(ویب  نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی نے ایک تیر سے شیر سمیت کئی شکار کئے، پیپلز پارٹی سے متعدد بار کامیابی چھینی گئی لیکن کراچی والوں نے سلیکٹڈ حکومت کو مسترد کردیا، پاکستان کی سیاست جمہوری قوتوں کی جانب بڑھ رہی ہے ،جسٹس قاضی فائز عیسی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد صدر مملکت عارف علوی اور وزیر قانون فروغ نسیم کو استعفی دینا چاہیئے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت کو ہرمیدان میں شکست دلوائی، پیپلزپارٹی کی کامیابی نے ثابت کردیا کراچی کے عوام پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ نہیں، انہوں نے این اے 249بلدیہ کراچی میں تاریخی کامیابی دلوائی اور پھر سے پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست دی، عوام اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہوں نے سلیکٹڈ حکومت کو مستردکر دیا ہے۔ن لیگ کے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ن لیگی دوستوں کو ہارمانناسیکھنا چاہیے، اگر کوئی الزامات لگا رہا ہے تو ثابت کرے، مریم نواز کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، عمران خان اوراسٹیبلشمنٹ کے بجائے پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرنا اور اپوزیشن کے ساتھ ہی اپوزیشن کرنا ان کا شوق ہے، دھاندلی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ورنہ ہار مان لیں، ڈسکہ الیکشن کا شور مچایا گیا،کیا یہاں فائرنگ ہوئی؟کسی کو اغوا کیا گیا؟، کوئی ثابت نہیں کر سکتا کہ پیپلزپارٹی نے کوئی دھاندلی کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے سلیکٹڈکے بعددوسراسلیکٹڈ ہم ہرکسی کا مقابلہ کر نے کیلئے تیار ہیں، تاریخ اٹھا کر دیکھیں کس جماعت نے سب سے زیادہ دھاندلی کی ہے، کون سی جماعت سلیکٹ ہوتی رہی، کون سی جماعت اوریجنل سلیکٹڈ ہے؟اب یہ ہمیں لیکچر دیں گے؟، ن لیگ جیت جاتی تو میں خود شہباز شریف کو فون کرکے مبارکباد دیتا، شکست پر ن لیگ کا ردعمل انتہائی بچگانہ ہے جس کا نقصان اسی کو ہوگا، ہم نے ایک تیر سے بلے، پتنگ، ڈولفن، ملا اور شیر سمیت کئی شکار کیے۔چیرمین پی پی پی نے کہا کہ پی ڈی ایم سے متعلق سی ای سی کے فیصلوں پر قائم ہیں، اپوزیشن کی جماعتیں کنفیوز ہیں کہ استعفے دینا چاہتی ہیں یا نہیں، اپوزیشن اتحاد میں کچھ ایسے دوست ہیں جو عمران خان اور عثمان بزدار کو نہیں ہٹانا چاہتے، تو ایسے میں ہم کیا کرسکتے ہیں۔جسٹس فائزعیسی کیخلاف ریفرنس کے معاملے پر ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر قانون فروغ نسیم کے استعفے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس فائزعیسی کیخلاف جھوٹے ریفرنس پروزیرقانون کومستعفی ہوناچاہیے، وزیراعظم کی پوری کابینہ اس میں ملوث ہے، جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف سازش کی تحقیقات ہونی چاہیے، کیا وجہ تھی سپریم کورٹ کے جج کی کرادکشی کی گئی، عمران خان کی کابینہ کو اپنے جرم کا حساب دینا ہوگا۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بشیرمیمن کے بیان کو شک کی نظرسے دیکھتے ہیں، بشیرمیمن کو کوئی غیرقانونی حکم دیا جا رہا تھا تو ٹی وی پر آ کر بتاتے، بشیر میمن کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں، سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کو فالو کرنے کا حکم دیا، بشیرمیمن عدالتی حکم نہ مان کر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، بشیرمیمن عدالتی حکم ماننے کے بجائے پیپلزپارٹی کے پیچھے پڑ گئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر  اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی جیت اور ان کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں این اے 249 کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کو مبارکباد اور شاباش پیش کی۔انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے جس طرح دن رات کام کیا، اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام پارٹی عہدیداروں بالخصوص کراچی کی ٹیم کو بھی شاباش دیتا ہوں، ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر کارکنان اور پارٹی عہدیداروں کو سلام پیش کرتا ہوں، حمایت کرنے پر جے یو آئی اور  اے این پی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفتاح کی جیت اور ان کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا، پورا یقین ہے کہ الیکشن کمیشن انصاف اور شفافیت کے تقاضے پورے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی پر بھروسے اور قومی و عوامی جذبے سے آگے بڑھتے رہیں گے، این اے 249 کراچی میں مسائل کے خاتمے کے لیے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے۔

حلقہ این اے 249کا نتیجہ چوری کیا گیا ،مریم نواز

یہاں بھی دھند چھا گئی تھی یا عملہ اتنی تاخیر سے پہنچا، ہمیں بے وقوف سمجھ رکھا ہے کیا

الیکشن کمیشن کو متنازع الیکشن کے نتائج کو روکنا ہوگا ،ٹویٹ

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 249کا نتیجہ چوری کیا گیا ۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو متنازع الیکشن کے نتائج کو روکنا ہوگا کیوں کہ یہاں الیکشن چوری ہوا ہے۔نائب صدر مسلم لیگ(ن) مریم نواز نے کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر ٹرن آوٹ بمشکل 15-18 فیصد اور گنتی کا عمل ساڑھے آٹھ گزرنے کے بعد بھی جاری رہا، یہاں بھی دھند چھا گئی تھی یا عملہ اتنی تاخیر سے پہنچا، ہمیں بے وقوف سمجھ رکھا ہے کیا۔