پیپلز پارٹی سی ای سی اجلاس’ بلاول نے شاہد خاقان کا شوکازنوٹس پھاڑ کر پھینک دیا

فیصلہ نہیں ہو سکا کہ پی ڈی ایم میں رہناچاہیے یا نہیں؟ سی ای سی کا اجلاس آج (پیر کو )بھی جاری رہے گا

بعض ارکان کی پی ڈی ایم سے بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنے،کچھ کی اے این پی جیسے سخت فیصلے کی تجویز

اجلاس میں آئی ایم ایف ڈیل، ملکی معیشت اور سٹیٹ بینک آرڈیننس پر بحث ، پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز پر تبادلہ خیال

کراچی(ویب  نیوز) پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی( سی ای سی) کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے شاہد خاقان عباسی کا جاری کردہ شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا،جبکہ اس بات پر فیصلہ نہیں ہو سکا کہ پی ڈی ایم میں رہناچاہیے یا نہیں؟ سی ای سی کا اجلاس آج (پیر کو )بھی جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس پھاڑنے پر اجلاس کے شرکا کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لئے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔ اتوار کو بلاول ہائوس کراچی میںبلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران آئی ایم ایف ڈیل، ملکی معیشت اور سٹیٹ بینک آرڈیننس پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق وزیراعلی سندھ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔پیپلز پارٹی کے اہم اجلاس میں ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر سمیت دیگر اہم پارٹی رہنماں نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پر فیصلہ نہیں ہو سکا کہ پی ڈی ایم میں رہناچاہیے یا نہیں؟ سی ای سی کا اجلاس آج (پیر کو )بھی جاری رہے گا۔اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی رہنمائوں نے پی ڈی ایم اتحاد کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں،جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ اے این پی جیسے سخت فیصلے کی ضرورت ہے۔