کراچی (ویب ڈیسک)

چیئرمین نیب نے ملزم کامران افتخار لاری کی پلی بارگین کی درخواست پر دستخط کردئیے ہیں

احتساب عدالت نے پی ایس او میں 23ارب روپے سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں نامزد ملزم کامران افتخار لاری کی جانب سے پلی بار گین کی درخواست منظور کرلی ہے۔کراچی کی احتساب عدالت میں پی ایس او میں 23ارب روپے سے زائدکی کرپشن کے حوالے سے پی ایس او اور نجی آئل کمپنی بائیکو کے آفیشلز کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی،کامران افتخار لاری اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ملزم کامران افتخار لاری کی جانب سے پلی بارگین کی رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملزم ایک ارب 29لاکھ کی رقم واپس کرنا چاہتے ہیں۔ملزم مذکورہ رقم 3اقساط میں ادا کرے گا۔احتساب عدالت کو بتایا گیاکہ ملزم نجی کمپنی بائیکو کا ملازم تھا جس نے پی ایس او کے ساتھ معاہدے میں دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت سے قومی خزانے کو 23 ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا تھا۔ چیئرمین نیب نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست پر دستخط کردیے ہیں۔ عدالت نے ملزم کامران افتخار لاری کی جانب سے پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی۔